ہماچل پردیش: سنجولی مسجد کی اوپری 3 منزلیں ہوں گی منہدم، عدالت نے سنایا فیصلہ

کمشنر کورٹ نے دوسری، تیسری اور چوتھی منزل توڑنے کا حکم دیا ہے، بقیہ حصے پر 21 دسمبر کو سماعت کی جائے گی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

ہماچل پردیش میں شملہ واقع سنجولی مسجد تنازعہ پر آج کمشنر کورٹ نے ایک اہم فیصلہ سنایا۔ عدالت نے مسجد میں ہوئی ناجائز تعمیرات کو توڑنے کا حکم دیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کورٹ میں ہفتہ کے روز اس معاملے میں سماعت ہوئی اور طویل بحث کے بعد سنجولی مسجد کی اوپری تین منزلوں کو دو ماہ کے اندر منہدم کرنے کی ہدایت دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کمشنر کورٹ نے دوسری، تیسری اور چوتھی منزل کو منہدم کرنے کا حکم دیا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’نیوز 18‘ پر شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بقیہ حصے سے متعلق اب 21 دسمبر کو سماعت کی جائے گی۔ عدالت نے مسجد کے غیر قانونی حصہ سے متعلق تقریباً ڈھائی گھنٹے تک سماعت کی اور پھر اپنا حکم جاری کیا۔ قابل ذکر ہے کہ مسجد کمیٹی نے پہلے ہی کہا تھا کہ عدالت جن منازل کو غیر قانونی بتائے گی، اسے وہ خود ہی منہدم کر دیں گے۔ اب جبکہ عدالت کا فیصلہ سامنے آ گیا ہے تو وقف بورڈ کے وکیل بی ایس ٹھاکر نے کہا کہ پورا حکم پڑھنے کے بعد آگے کا فیصلہ لیا جائے گا۔ امید کی جا رہی ہے کہ بورڈ ہائی کورٹ کا رخ کر سکتا ہے۔


کثیر منزلہ سنجولی مسجد تنازعہ میں شملہ کے کمشنر کورٹ میں آج 46ویں سماعت ہوئی تھی۔ اس دوران اسٹیٹ بنام وقف بورڈ کے درمیان کیس میں میونسپل کارپوریشن نے اسٹیٹس رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر مقامی رہائشیوں کو پارٹی بنانے کی بات بھی اٹھائی گئی جس پر خوب ہنگامہ ہوا۔ عدالت نے سوال کیا کہ آپ (مقامی رہائشیوں) کو کس بنیاد پر پارٹی بنایا جائے۔ اس معاملے پر خوب سوال و جواب ہوا، لیکن ریاستی حکومت اور وقف بورڈ دونوں نے ہی مقامی رہائشیوں کو پارٹی بنائے جانے کی مخالفت کی۔ آخر میں عدالت نے صرف یہ فیصلہ صادر کیا کہ مسجد کی اوپر کی تینوں منزلیں توڑی جائیں، کیونکہ وہ ناجائز طریقے سے تعمیر ہوئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔