ہیما کوہلی نے تلنگانہ ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کے طور پر لیا حلف

14دسمبر کو سپریم کورٹ کے کالیجیم نے ان کے نام کی سفارش کی تھی جس کے بعد صدر جمہوریہ کی منظوری حاصل کرنے کے بعد مرکز نے 31 دسمبر کو اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ان کو تلنگانہ ہائی کورٹ کی چیف جسٹس مقرر کیا۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

یو این آئی

حیدرآباد: ہیما کوہلی نے تلنگانہ ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کے طور پر آج حلف لے لیا۔ راج بھون میں منعقدہ ایک سادہ مگر پُراثر تقریب میں گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے ان کو حلف دلایا۔ جسٹس کوہلی، جسٹس آرایس چوہان کی جانشین بن گئی ہیں جن کا تبادلہ اتراکھنڈ ہائی کورٹ کیا گیا ہے۔ اس طرح جسٹس کوہلی تلگو ریاست کی تاریخ کی پہلی خاتون چیف جسٹس بن گئی ہیں۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعلی کے چندرشیکھرراو، اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی، صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی، ہائی کورٹ کے جج اور عہدیداروں نے شرکت کی۔

حلف برداری کی تقریب کے سلسلہ میں ٹریفک پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ جسٹس کوہلی نے نیشنل لا یونیورسٹی کی گورننگ کونسل کی رکن کے طورپر خدمات انجام دی تھیں۔ دہلی ہائی کورٹ کی جج کے طورپر خدمات انجام دینے والی جسٹس کوہلی کو ترقی دیتے ہوئے تلنگانہ ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس مقرر کیا گیا۔


ان کی پیدائش 2 ستمبر 1959 کو ہوئی تھی۔ 14دسمبر کو سپریم کورٹ کے کالیجیم نے ان کے نام کی سفارش کی تھی جس کے بعد صدر جمہوریہ کی منظوری حاصل کرنے کے بعد مرکز نے 31دسمبر کو اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ان کو تلنگانہ ہائی کورٹ کی چیف جسٹس مقرر کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔