حجاب معاملہ: سپریم کورٹ نے کرناٹک حکومت کو نوٹس جاری کیا

کرناٹک ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف عدالت عظمیٰ میں کئی عرضیاں دائر کی گئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ حجاب پہننا مذہبی عمل کا ضروری حصہ نہیں ہے، جسے آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت تحفظ دیا جاسکتا ہے۔

سپریم کورٹ/ تصویر آئی اے این ایس
سپریم کورٹ/ تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

سپریم کورٹ نے ریاست کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کو برقرار رکھنے کے ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی درخواست پر کرناٹک حکومت کو آج نوٹس جاری کیا۔ جسٹس ہیمنت گپتا اور سدھانشو دھولیا کی بنچ نے کچھ اپیل کنندگان کی طرف سے التوا کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 5 ستمبر کے لیے مقرر کی گئی ہے۔

کرناٹک ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف عدالت عظمیٰ میں کئی عرضیاں دائر کی گئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ حجاب پہننا مذہبی عمل کا ضروری حصہ نہیں ہے، جسے آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت تحفظ دیا جاسکتا ہے۔


واضح رہے یکم جنوری کو، چھ لڑکیوں نے کہا کہ انہیں اُڈوپی کے ایک گورنمنٹ کالج میں حجاب پہن کر کلاس روم میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا، اور کالج میں داخلہ سے منع کیے جانے پر وہ کالج کے باہر احتجاج میں بیٹھ گئی تھیں۔ ان طلباء نے صحافیوں سے کہا تھا کہ اجازت طلب کی گئی تھی لیکن کالج حکام نے انہیں منہ ڈھانپ کر کلاس روم میں داخل ہونے سے انکار کر دیا۔

انہوں نے کالج انتظامیہ کے خلاف احتجاج شروع کر دیا، جو جلد ہی ریاست بھر میں ایک مسئلہ بن گیا۔ کرناٹک کے دیگر قصبوں سے بھی اسی طرح کے مظاہروں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ جوابی کارروائی میں دائیں بازو کی تنظیموں کے ارکان نے زعفرانی شالیں پہننا شروع کر دیں اور مسلم طالبات کے خلاف احتجاج کیا۔


حجاب کی بحث کو کئی مواقع پر عدالتوں میں پیش کیا گیا ہے اور اس تعلق سے کیرالہ ہائی کورٹ کے دو فیصلے ہیں۔ ان میں خاص طور پر مسلم خواتین کے اسلام کے اصولوں کے مطابق لباس پہننے کے حق پر، متضاد جوابات ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔