پنجاب واقع پٹھان کوٹ دھماکہ کے بعد کٹھوعہ میں ہائی الرٹ جاری

پٹھان کوٹ میں واقع فوجی چھاؤنی کے تروینی گیٹ کے باہر اتوار کے روز ایک گرینیڈ حملہ کیا گیا تھا، پولیس نے بتایا کہ اس حملے میں کسی کے زخمی ہونے یا مرنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

سیکورٹی، علامتی تصویر یو این آئی
سیکورٹی، علامتی تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

جموں: پنجاب کے ضلع پٹھان کوٹ میں ایک فوجی چھاؤنی کے نزدیک ایک پر اسرار گرینیڈ دھماکے کے بعد جموں وکشمیر کے سرحدی ضلع کٹھوعہ میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پڑوسی ریاست پنجاب کے ساتھ سرحدیں شیئر کرنے والے علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

بتادیں کہ پٹھان کوٹ میں واقع فوجی چھاؤنی کے تروینی گیٹ کے باہر اتوار کے روز ایک گرینیڈ حملہ کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس حملے میں کسی کے زخمی ہونے یا مرنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد گرینیڈ کا ایک حصہ برآمد کیا گیا جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔


ایک پولیس عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ اس دھماکے کے پیش نظر ضلع کٹھوعہ میں تمام داخلی و خارجی پوائنٹس پر سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام داخلی پوائنٹس پر گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کی جا رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 2 جنوری 2016 کو ملی ٹنٹوں نے پٹھان کوٹ ائیر بیس پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک لیفٹیننٹ کرنل سمیت سات فوجی جوان جان بحق ہوگئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔