ڈیرے کی ’دہشت گردی‘ ، اتر پردیش میں ہائی الرٹ
لکھنؤ: بابا رام رحیم کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد پنجاب اور ہریانہ میں ڈیرا حامیوں کی جانب سے ہونے والے تشدد کا اثر اب دیگر ریاستوں میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ راجستھان ،دہلی اور اتر پردیش سے بھی پرتشدد واقعات کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ اتر پردیش میں حالات کشیدہ ہو نے کے سبب سخت نگرانی برتی جا رہی ہے اور حساس اضلاع کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ مغربی اتر پردیش کے کئی اضلاع میں ڈیرا سچا سودا کے حامی کثیر تعداد میں موجود ہیں۔ اسی کے پیش نظر غازی آباد ، نوئیڈا ، میرٹھ، سہارنپور، شاملی، مظفر نگر، باغپت اور ہاپوڑ میں دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔
اتر پردیش کے اے ڈی جی لا ء اینڈ آڈر آنند کمار کے مطابق عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد فوری طور پر اتر پردیش کے تمام باڈر سیل کر دیئے گئے ہیں۔ تلاشی کی کارروائی جا رہی ہے اور سیکورٹی فورسز کومستعد رہنے کے لئے کہا گیا ہے۔ تمام کنٹرول روم کو فعال کر دیا گیا ہے اور اجتماع اور مظاہروں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
- غازی آباد
فیصلے کے فوراً غازی آباد میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ لونی کے سرحدی علاقے سے ایک بس کو جلائے جانے کی خبرآنے کے بعد ضلع انتظامیہ اور پولس کے ساتھ مقامی انٹلی جنس کی یونٹ بھی فعال ہو گئی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ بس کو ڈیرا حامیوں نے ہی نذر آتش کیا ہے۔ ڈی ایم نے احتیاط کے طور پر آج تمام اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ڈی ایم، اے ڈی ایم مع پولس فورس کے راج نگر ایکسٹنشن واقع ڈیر ا سچا سودا کے آشرم میں جائزہ لینے پہنچے ، حالات سے نمٹنے کے لئے وہاںسیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ ایس پی سٹی نے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے فیس بک، واٹس اپ اور ٹوئٹر پر انتباہ جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تشدد سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کی جائیں ۔ اگر کسی بھی ایسی چیز کا اشتراک کیا جاتا ہے جس سے ماحول خراب ہو نے خطرہ ہو ۔تو اس شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
- میرٹھ
بابا رام رحیم پر عدالتی فیصلے کے بعد ضلع میرٹھ میں بھی نگرانی کو چست درست کر دیا گیاہے ۔حالات کشیدہ ہونے کے پیش نظر تمام پبلک اسکولوں کو بندرہنے کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔ ایس پی سٹی نے شام کو پولس تھانوں کےانچارجوں کے ساتھ فلیگ مارچ بھی کیا۔ پولس انتظامیہ نے تین پولس تھانوں میں بابا رام رحیم کے حامیوں کے موجود ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں ٹی پی نگر، پرتا پور اور کنکر کھیڑہ شامل ہیں۔ دہلی روڈ پر پولس فورس مسلسل گشت کر رہی ہے۔ سٹی اور کینٹ ریلوے اسٹیشنوں، بھینسالی اور سہراب گیٹ روڈویز بس اڈوں، پرائیویٹ بس اسٹینڈ پر آنے جانے والے لوگوں پر بھی پولس کی طرف سے نگرانی رکھی جا رہی ہے۔ دیر رات بھینسالی بس اسٹینڈ سے بسوں کو ہٹا لیا گیا تھا۔
- مظفر نگر
پنجاب اور ہریانہ سے تشدد کی خبریں آنے سے مظفرنگر ضلع میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ریلوے اسٹیشن، روڈ ویز بس اسٹینڈ، عوامی مقامات پر بھاری تعداد میںسیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔محکمہ خفیہ ضلع میں رہنے والے ڈیرا حامیوں کی وقفہ وقفہ پر خبر لیتا رہا۔ ایس ایس پی نے پولس کو ہدایت دی ہے کہ سڑکوں پر گشت لگائیں اور محتاط رہیں۔پولس فورس کو دیگر قصبوں میں بھی تعینات کیا گیا ہے۔ حالات کشیدہ ہونے کے پیش نظر درجنوں ٹرینوں کی آمد و رفت کو منسوخ کر دیا گیا جس کے سبب اسٹیشن پر ہزاروں مسافر پھنسے ہوئے ہیں اورپریشان ہیں۔
- باغپت
ضلع باغپت کے برناوا میں ڈیرا سچا سودا کا آشرم موجود ہے ۔ یہاں سے بڑی تعداد میں رام رحیم کے پیروکار پنچکولہ گئے تھے لہٰذا اس ضلع کو حساس مانا جارہاہے۔ ہریانہ اور پنجاب سے تشدد کی اطلاع ملتے ہی ضلع میں دفعہ 144 نافذ کرکے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ ہریانہ سمیت دیگر سرحدوں کو مجسٹریٹوں کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ ایس ڈی ایم اور سی او کو ہریانہ باڈر پر تعینات کر دیا گیا۔ وہیں محکمہ خفیہ بابا کے پیروکاروں پر نظر بنائے ہوئے ہے ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔