ممبئی میں ہائی الرٹ، عام تعطیل کا اعلان، کئی جگہ دیواریں منہدم، درجنوں ہلاکتیں
حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ سے ممبئی جانے والی ڈومسٹک فلائٹس میں تاخیر ہوئی کیونکہ پیر کی شب شدید بارش کے سبب اسپائس جیٹ کا طیارہ ممبئی ایرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران پھسل گیا۔
مہاراشٹر میں موسلادھار بارش کی وجہ سے اب تک درجنوں جانیں جا چکی ہیں اور 22 افراد تو ممبئی کے ملاڈ علاقہ میں ایک رہائشی عمارت کے احاطہ کی دیوار منہدم ہونے کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ ممبئی میں بارش کا قہر سب سے زیادہ ہے۔ ملاڈ علاقہ میں دیوار منہدم ہونے کے سبب نہ صرف 22 لوگ ہلاک ہوئے بلکہ 14 زخمی بھی ہوئے جنھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ شہر اور اطراف کے علاقوں میں طوفانی بارش اور سمندر میں طغیانی کی پیش گوئی کے پیش نظر حکومت نے ہائی الرٹ کے ساتھ ہی آج عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے ۔ دفاتر ،اسکول اور کالج میں چھٹی دے دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی ہے کہ شہر میں موسلادھار بارش کا سلسلہ مزید دوتین دن جاری رہے گا۔ آس پاس کے علاقوں میں وسئی، نالاسوپارہ ،ویراراور ویترنا علاقے میں سیلابی صورتحال ہے ،متعددٹرینوں کو منسوخ یا بیرونی اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔ پولس اور فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق مضافاتی علاقہ ملاڈ کے مشرق میں واقع پمپری پاڑہ میں ایک احاطہ کی دیوار متصل جھوپڑابستی کے جھوپڑوں پر گرنے کے نتیجے میں اتنی موتیں واقع ہوئی ہیں اور اندیشہ ہے کہ ملبے میں لوگ دبے ہوئے ہیں ،این ڈی آرایف کے جوان جائے حادثے پر پہنچ چکے ہیں۔زخمیوں کو شتابدی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
اتوار سے جاری بارش کا سلسلہ پیرکی شب میں دوبارہ زورپکڑگیا اور رات بھر ہونے والی بارش نے ممبئی میں سیلابی صورتحال پیدا کردی ہے ،ممبئی کے نشیبی علاقوں میں جگہ جگہ پارنی جمع ہوگیا ہے اور موٹرگاڑیاں ڈوب گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جزیرہ نماءشہر کے بجائے مضافاتی علاقے بُری طرح متاثر ہوئے ہیں ،جہاں گزشتہ دودہائیوں سے تعمیراتی کام جاری ہے اور منصوبہ بندی نہ ہونے کے سبب ان علاقوں کو متاثر کیا ہے ،ممبئی کی لوکل ٹرینیوں پر کافی اثر پڑا ہے۔
پونے میں بھی بارش کے سبب حالات دگر گوں ہیں۔ اس شہر کے امبےگاؤں میں واقع ایک کالج کی دیوار گرنے سے چھ افراد دب کر ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔ ممبئی کے مشرقی ملاڈ میں ایک دیوار کی جھونپڑیوں پر گرنے سے کم از کم 13 افراد کی موت ہو گئی اور کئی دیگر زخمی ہیں۔ وزیر اعلی دیوندر فڑنويس نے ملاڈ کے واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ فڑنويس نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے. کلیان میں بھی تین افراد کے مرنے کی اطلاع ہے۔
دوسری طرف شہر حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ سے ممبئی جانے والی ڈومسٹک فلائٹس میں تاخیر ہوئی کیونکہ پیر کی شب شدید بارش کے سبب اسپائس جیٹ کا طیارہ ممبئی ایرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران پھسل گیا۔اس سلسلہ میں مسافرین کے لئے ایرپورٹ حکام کی جانب سے اڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تکنیکی مسائل کے سبب ممبئی جانے والے تمام طیاروں کی روانگی میں تاحکم ثانی تاخیر کا امکان ہے۔کسی بھی قسم کی مشکل سے بچنے کے لئے ایرلائنس سے رابطہ کرنے کی مسافرین سے درخواست کی گئی ہے۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔