سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو ایک دن کے لیے ہوٹوار جیل بھیجا گیا، ای ڈی ریمانڈ پر فیصلہ کل
ہیمنت سورین کو ای ڈی نے زمین گھوٹالہ معاملے میں 31 جنوری کی رات کو گرفتار کیا تھا، اس سے قبل ان سے تقریباً 8 گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی گئی تھی۔
رانچی: جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اورجھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے لیڈر ہیمنت سورین کو ای ڈی کے خصوصی جج دنیش رائے نے ایک دن کے لیے عدالتی حراست میں بھیجنے کا حکم دیا۔ بعد ازاں انہیں عدالت سے ہی ہوٹوار جیل لے جایا گیا۔ ہیمنت سورین کی ریمانڈ پر فیصلہ کل یعنی 2 فروری کو سنایا جائے گا۔
پی ایم ایل اے عدالت میں ہیمنت سورین کا موقف پیش کرتے ہوئے جھارکھنڈ کے ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ یہ پریڈیکیٹ افینس نہیں۔ جبکہ ای ڈی کے وکیل نے دلیل دی کہ آئی پی سی کی دفعہ 120 بی کے تحت کارروائی جاری ہے۔ اس لیے انہیں کسٹڈی میں لینا ضروری ہے۔ یہ کارروائی شیڈول آف افینس میں آتا ہے۔ دونوں فریق کے دلائل سننے کے بعد کورٹ نے ہیمنت سورین کو ایک دن کے لیے عدالتی حراست میں بھیجنے کا حکم دے دیا۔ اسی کے ساتھ ہی عدالت نے کہا کہ ای ڈی کے ذریعے مانگی جانے والی ریمانڈ پر فیصلہ کل سنایا جائے گا۔
ہیمنت سورین کو جمعرات (1 فروری) کو سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ای ڈی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت پہنچنے کے بعد احاطے میں موجود لوگوں کو دیکھ کر انہوں نے ہاتھ ہلایا۔ ہیمنت سورین کو ای ڈی نے زمین گھوٹالا معاملے میں 31 جنوری کی رات کو گرفتار کیا تھا۔ اس سے قبل ان سے تقریباً 8 گھنٹے تک تفتیش کی گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ہیمنت سورین ای ڈی کے سوالوں کو اطمینان بخش جواب نہیں دے پائے تھے جس کی وجہ سے ای ڈ ی نے انہیں گرفتار کر لیا۔
ہیمنت سورین کی پی ایم اے ایل عدالت میں پیشی سے قبل عدالت کے احاطے کی سیکورٹی سخت کردی گئی تھی۔ شہر کے ایس پی خود عدالت کے احاطے میں موجود تھے۔ رانچی کے ایس پی اور ڈپٹی کمشنر دنوں نے عدالت کے احاطے میں جاکر وہاں کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ دوسری جانب ہیمنت سورین کی اہلیہ کلپنا سورین نے ای ڈ ی آفس میں جاکر ان سے ملاقات کی۔ گرفتاری سے قبل ہیمنت سورین نے کئی کام کیے۔ انہوں نے ایم ایل ایز کے نام ایک مکتوب لکھا ۔ 5 منٹ 17 سیکٹنڈ کا ایک ویڈیو میسیج ریکارڈ کیا۔ چمپئی سورین کو اتحاد کا گروپ لیڈر چنا گیا۔ اس کے بعد ہیمنت سورین راج بھون پہنچے اور گورنر سی پی رادھا کرشنن کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔ استعفی سونپنے کے بعد ہیمنت سورین سی ایم رہائش گاہ پہنچے، جہاں سے ای ڈ ی کی ٹیم انہیں اپنے ساتھ لے گئی۔
ای ڈ ی آفس میں قانونی عمل کی خانہ پری کے بعد ہیمنت سورین کو قانونی طور پر گرفتار کرلیا گیا۔ حالانکہ اس سے قبل انہیں بتایا گیا تھا کہ انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ ہیمنت سورین نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ای ڈی انہیں گرفتار کرلے گی۔ ان چیزوں کے لیے انہیں گرفتار کیا جارہا ہے جس سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ہیمنت سورین نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وہ جھارکھنڈ کے نوجوانوں، خواتین، دلتوں، پچھڑوں، غیریبوں اور آدیواسیوں کے لیے کام کررہے تھے، گرفتاری کے بعد اس کام کو ابھی وہ نہیں کرپائیں گے۔ گرفتاری سے قبل ہیمنت سورین نے کہا کہ ان کو کام کرنے سے روکنے کے لیے سازش کے تحت گرفتار کیا جارہا ہے، لیکن وہ ڈرنے والے نہیں ہیں۔ وہ شیبو سورین کے بیٹے ہیں۔ جب لوٹیں گے تو غریبوں، دلتوں، پچھڑوں، آدیواسیوں کو ان کا حق دلانے کے لیے مزید مضبوطی سے کام ساتھ کام کریں گے۔ ان کا استحصال کرنے والوں کے خلاف اور جم کر لڑیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔