جنرل راوت کو لے جا رہا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، فضائیہ نے دیا تحقیقات کا حکم
فضائیہ نے حادثے کی تصدیق کر دی ہے۔ فضائیہ نے کہا ہے کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
نئی دہلی: ہندوستانی فضائیہ کا ایک ایم آئی۔17 وی 5 ہیلی کاپٹر آج تمل ناڈو میں کنور کے نزدیک حادثے کا شکار ہو گیا۔ اس ہیلی کاپٹر میں دفاعی سربراہ (سی ڈی ایس) بپن راوت، ان کا عملہ اور خاندان کے کچھ افراد سوار تھے۔ فضائیہ نے حادثے کی تصدیق کر دی ہے۔ فضائیہ نے کہا ہے کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
دریں اثنا، چنئی میں دفاعی ذرائع نے بتایا کہ اس حادثے میں چار اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں اور تین دیگر کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں 14 افراد سوار تھے۔ باقی سات افراد کے بارے میں ابھی تک اطلاعات دستیاب نہیں ہیں۔ غیر مصدقہ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ جنرل راوت کی اہلیہ مدھولیکا راوت بھی ہیلی کاپٹر میں سوار تھیں۔ حادثہ کے فوری بعد راحت اور بچاؤ کا عمل شروع کر دیا گیا۔
واقعہ پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ امید ہے کہ ہیلی کاپٹر پر سوار سی ڈی ایس جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ اور دیگر لوگ سلامت ہوں گے۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتا ہوں۔
اطلاعات کے مطابق دفاعی سربراہ بپن راوت اپنی الیہ کے ساتھ ویلنگٹن میں ایک تقریب میں شرکت کے لئے گئے تھے۔ ویلنگٹن آرمڈ فورسز کا کالج ہے اور یہاں بپن راوت کو ایک لیکچر دینا تھا۔ وہ سولور سے کنور جا رہے تھے۔ یہاں سے انہیں دہلی روانہ ہونا تھا لیکن گھنے جنگل کے سبب یہ حادثہ ہو گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔