کیرالہ: انتخاب سے عین قبل آر ایس ایس کارکن کے گھر سے اسلحہ برآمد

کیرالہ کے کنّور ضلع میں پولس کو آر ایس ایس کارکن کے گھر سے 7 تلواریں، 1 کلہاڑی اور 1 لوہے کی راڈ کے علاوہ کثیر مقدار میں بم بنانے کا سامان برآمد ہوا ہے۔ آر ایس ایس کارکن کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کیرالہ میں ایک آر ایس ایس کارکن کے گھر میں دیسی بم بنائے جانے کا معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔ اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جب بم بناتے وقت دھماکہ سے یہ بم پھٹ گیا۔ واقعہ کیرالہ کے کنّور ضلع کا ہے۔ پولس کے مطابق دھماکہ میں آر ایس ایس کارکن کا بیٹا اور اس کا دوست سنگین طور پر زخمی ہو گیا ہے۔

ایک انگریزی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق کیرالہ کی کڈیانمال پولس نے بتایا کہ ہفتہ کی دوپہر تقریباً 1.30 بجے آر ایس ایس کارکن شیبو کا سات سالہ بیٹا گوکل اور اس کے بیٹے کا دوست کجن راج (12 سال) دونوں کچھ کھیل رہے تھے۔ اس درمیان وہ گھر میں ایک شیڈ سے پرندوں کا پنجرا بنانے کے لیے پرانے سامان کو باہر نکال رہے تھے جب یہ دھماکہ ہو گیا۔

پولس کا کہنا ہے کہ سامان باہر نکالنے کے لیے بچے کسی چیز پر کھڑے ہو رہے تھے جس کی وجہ سے گھر میں اچانک دھماکہ ہو گیا اور دونوں بچے بری طرح زخمی ہو گئے۔ اس واقعہ کی خبر فوراً مقامی پولس کو دی گئی جس کے بعد پولس بم ناکارہ کرنے والے دستہ کے ساتھ شیبو کے گھر پہنچی اور گھر کی تلاشی شروع کر دی۔ تلاشی کے دوران پولس کو آر ایس ایس کارکن کے گھر سے کچھ ایسے سامان ملے جن کی وجہ سے کئی سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔ پولس کو گھر سے سات تلواریں، ایک کلہاڑی، ایک لوہے کی راڈ کے علاوہ کثیر مقدار میں بم بنانے کا سامان بھی ملا۔ پولس نے بتایا کہ اس سلسلے میں شیبو کو حراست میں لیتے ہوئے پولس نے دھماکہ خیز مادہ ایکٹ اور اسلحہ ایکٹ کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 16 جنوری 2019 کو مہاراشٹر کے ڈومبی ولی میں بی جے پی لیڈر دھننجے کلکری کی دکان سے تلوار، چاقو، ائیر گن، فائٹر اور کرہدی سمیت تقریباً 170 اسلحے برآمد کیے گئے تھے۔ ایک بیان میں پولس نے کہا تھا کہ ملزم ان اسلحوں کو دلکش سامانوں کی فروختی کے نام پر فروخت کیا کرتا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔