دہلی-این سی آر میں بھاری بارش، تبدیل شدہ موسم نے لوگوں کو سردی کا احساس کرایا
دہلی کے بیشتر علاقوں میں پیر کی صبح سے موسلا دھار بارش نظر آئی، محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارش مزید جاری رہ سکتی ہے، دریں اثنا لوگوں کو سردی کا احساس ہونے لگا ہے
نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی سمیت این سی آر میں موسم نے رخ تبدیل کرنا شروع کر دیا ہے۔ اتوار کے روز سے شروع ہونے والی جھماجھم بارش پیر کے روز تک لگاتار جاری ہے۔ پیر کی صبح دہلی کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی نظر آئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارش مزید جاری رہ سکتی ہے۔
ادھر، نوئیڈا میں بھی اتوار کی رات سے لگاتار بارش ہو رہی ہے۔ بارش کی وجہ سے موسم تو خوشگوار ہو گیا ہے لیکن تیز ہوا کے دوران لوگوں کو سردی کا احساس بھی ہونا شروع ہو گیا ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔
بارش کی وجہ سے آلودگی سے راحت ملنے کا بھی امکان ہے۔ اتوار سے بارش کی وجہ سے دہلی-این سی آر کے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں، جس کی وجہ سے گاڑیوں کو نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دہلی کے علاوہ ہریانہ، مغربی اتر پردیش اور راجستھان کے کچھ حصوں میں بھی بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی کے ساتھ گروگرام، گوہانا، گنور، ہوڈل، پلول، فرید آباد، بلب گڑھ، پانی پت، سوہنا، مانیسر، بھیوانی، نوح، ریواڑی، نارنول، کرنال، روہتک، کوسلی اور ہریانہ سے ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی تا موسلادھار بارش جاری رہے گی۔
اتر پردیش میں نوئیڈا، غازی آباد، گریٹر نوئیڈا، بلندشہر، شاملی، اترولی، دیوبند، نجیب آباد، مظفر نگر، کاندھلہ، بجنور، کھتولی، ہستناپور، میرٹھ، مودی نگر، ہاپوڑ، گڑھ مکتیشور، مراد آباد، ٹونڈلا، متھرا، آگرہ، علی گڑھ اور راجستھان میں ند بائی، بھرت پور اور نگر میں بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔