ممبئی اور کونکن میں زوردار بارش سے معمولات زندگی درہم برہم، کئی علاقے زیر آب

ممبئی میں سائن، وڈالا، بھانڈپ، پریل، کرلا اور نہرو نگر جیسے پرانے فرش والے علاقوں میں گھٹنے تک یا کمر تک پانی بھر گیا تھا، کئی سَب وے اور دو شاہراہوں پر گاڑیاں گھونگھے کی رفتار سے رینگتی نظر آئیں۔

بارش، تصویر آئی اے این ایس
بارش، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کی معاشی راجدھانی ممبئی، ساحلی علاقہ کونکن اور ریاست کے دیگر حصوں میں پیر کی شب سے زوردار بارش کا نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس موسلادھار بارش سے مختلف علاقوں کے کئی شہر اور گاؤں زیر آب ہو گئے ہیں۔ اس سے سڑک اور ریل ٹرانسپورٹیشن بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ افسران نے منگل کے روز اس سلسلے میں تفصیلی جانکاری دی اور مختلف علاقوں میں ہو رہی دشواریوں سے روشناس کرایا۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے نجی طور سے نگرانی کرتے ہوئے سبھی ضلعوں کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے اور لگاتار بارش جاری رہنے کے سبب حساس علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے سمیت سبھی انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ممبئی میں سائن، وڈالا، کنگس سرکل، بھانڈپ، پریل، کرلا اور نہرو نگر جیسے پرانے فرش والے علاقوں میں گھٹنے تک یا کمر تک پانی بھر گیا تھا۔ کئی سَب وے اور دو شاہراہوں پر گاڑیاں گھونگھے کی رفتار سے رینگتی نظر آئیں۔ بہرحال، سنٹرل ریلوے اور مغربی ریلوے لوکل ٹرینوں کے ساتھ ساتھ ممبئی میٹرو خدمات رات بھر کی بارش کے بعد معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔ بی ایم سی نے کئی علاقوں مین سیلاب کے پانی کو باہر نکالنے کے لیے اضافی پمپ تعینات کیے ہیں۔ پالگھر، ٹھانے، رائے گڑھ، رتناگری اور سندھو دُرگ کے دیگر ساحلی اضلاع میں بھی زبردست بارش ہوئی اور بڑی و چھوٹی مقامی ندیاں خطرے کی سطح سے اوپر پہنچ گئی ہیں۔


چپلن، ویبھو واڑی، امبیٹ، کھیڑ، پولادپور اور دیگر کئی شہروں میں سڑک ٹرانسپورٹ بند ہو گئے ہیں۔ علاقے میں پانی بھر جانے کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ زمین دھنسنے کے کچھ واقعات بھی سامنے آئے جس کے بعد پہاڑی علاقوں کے آس پاس اور ندیوں کے کنارے یا بحر عرب کے قریب رہنے والے دیہی باشندوں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

آئی ایم ڈی کے علاقائی موسمیاتی سائنس مرکز نے آئندہ چار دنوں کے لیے ممبئی اور ساحلی مہاراشٹر میں زوردار بارش کا اندازہ لگایا ہے، ساتھ ہی آرینج الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ آئی ایم ڈی-پونے کے چیف کے ایس ہوسلیکر نے کہا کہ گجرات، مہاراشٹر، گوا، کرناٹک اور کیرالہ کا پورا مغربی علاقہ بہت بھاری سے بھاری بارش کے امکانات کے ساتھ گھنے بادلوں سے بھرا ہوا ہے، اور ساحلی علاقوں کے ساتھ ساتھ وسطی اور مغربی مہاراشٹر کے لیے زیادہ بھاری بارش کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔