ممبئی میں 6 افراد ہلاک، بارش رُکنے سے حالات سنبھلے
ممبئی: معاشی راجدھانی ممبئی میں زوردار بارش کے سبب بدحالی پیدا ہونے کے بعد اب حالات کچھ بہتر ہو گئے ہیں۔ بارش کی کمی کے بعد دھوپ بھی نکل گئی ہے۔ حالانکہ اس سے قبل بارش کی تباہناکی کے سبب 6 افراد کے ہلاک ہونے کی خبریں موصول ہو چکی ہیں۔ سپنوں کی اس نگری میں کل سے ہی چہار سو سیلاب کی صورت حال ہے اور سڑکیں پانی سے بھر چکی ہیں۔ لوکل ٹرینیں، بس سروسز اور ہر طرح کا ٹرانسپورٹ سروس ابھی تک متاثر ہے۔ لیکن اب دھیرے دھیرے حالات بہتر ہو رہےہیں۔
اس سے قبل کل سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر کی شام 5 بجے تک چھٹی کر دی گئی تھی۔ زبردست بارش کے بعد لوگوں کی آمد و رفت اثرانداز ہوئی ہے اور شہر میں ٹرافک کی رفتار بھی رُک سی گئی ہے۔ لوگ میلوں پیدل چل کر اپنے اپنے گھروں کی طرف رواں دواں ہیں۔ بھاری بارش کے سبب شہر کے متعدد علاقوں کی بجلی کاٹ دی گئی ہے۔ شیواجی ایئر پورٹ میں پانی بھر جانے کی وجہ سے پروازیں متاثر ہوئیں ہیں۔ صورت حال بد سے بدتر ہونے کے امکان ہیں کیوں کہ محکمہ موسمیات نے اگلے 48 گھنٹوں تک مسلسل بارش ہونے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ موسلادھار بارش کے سبب کُرلا، دادر، لوور پیریل، اندھیری سب وے، ملاڈ سب وے اور ایلفسٹن اسٹیشن وغیرہ نشیبی علاقوں میں جگہ جگہ آبی جماؤ کا منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔
ویڈیوز میں دیکھئے بارش کے دوران ممبئی کی سڑکوں اور شیوا جی ایئرپورٹ کے حالات
ممبئی میں اس وقت امسال کے مانسون کی سب سے بھاری بارش دیکھنے کو مل رہی ہے جس کی وجہ سے سارا شہر ڈوب چکا ہے۔ جگہ جگہ پانی بھر جانے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر میں بارش کی وجہ سے سڑکیں ندی اور دریا نظرآرہی ہیں اور پانی جمع ہونے کے سبب لاکھوں شہری ٹرافک جام میں پھنس چکے ہیں۔ ممبئی کی شہ رگ کہی جانے والی لوکل ٹرینوں کے تینوں روٹ بند ہو گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 48 گھنٹوں تک بارش کاسلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ اہم کام کے لیے ہی گھر سے باہر نکلیں۔
اسکول اور کالجوں کے طلباء کو چھٹی دے دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کولابہ میں 151ملی میٹر اور سانتاکروز میں 88.4ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سمندر میں مد و جزر ہے اور 3.32 میٹر اونچی لہریں اٹھنے کے امکان کے پیش نظرلوگوں کو چوکنا رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔
ممبئی اور تھانے میں صبح سے بھاری بارش ہو رہی ہے اور بارش کی وجہ سے جوگیشوری ۔ وکرولی کے درمیان شاہراہ پرپر جام لگا ہوا ہے، لوور پیریل، ھندماتا دادرسرکل، اندھیری مشرق اور اندھیری سب وے کے علاقوں میں پانی گھس جانے کے سبب لوگ پریشان ہیں۔ پٹریاں ڈوب جانے کی وجہ سے تینوں مضافاتی لائنیں متاثر ہوئی ہیں اور لاکھوں مسافر اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں پھنس گئے ہیں۔
سانتا کروز علاقے میں 175 ملی میٹر اور کولابہ میں 165 ملی میٹر بارش نے لوگوں کو 26 جولائی 2005 کی اس بھیانک بارش کی یاد تازہ کرا دی ہے جب ممبئی بالکل ٹھہر سی گئی تھی اور کئی معروف و مقبول ہستیوں کے گھروں میں بھی پانی پہنچ گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Aug 2017, 7:05 PM