دہلی، این سی آر میں شدید بارش، سڑکیں زیر آب، دفاتر جانے والوں کو مشکلات کا سامنا
دہلی اور این سی آر میں لگاتار ہو رہی بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے اور لوگوں کو شدید ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 13 ستمبر تک زرد انتباہ جاری کیا ہے
نئی دہلی: دہلی، این سی آر اور اردگرد کے علاقوں میں مانسون کی شدت برقرار ہے اور شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لگاتار ہو رہی باعث نچلے علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور سڑکیں زیر آب آ جانے کے دفاتر جانے والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ 70-200 ملی میٹر تک کی بارش ہو سکتی ہے۔
گزرشتہ شام سے ہی دہلی میں مسلسل بارش ہو رہی ہے، جس نے شہری زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔ بارش کی وجہ سے شہر کے مختلف حصے زیر آب آ گئے ہیں اور سڑکوں پر پانی جمع ہو جانے سے شدید ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ دفاتر کی آمد و رفت کے اوقات میں لوگوں کو مشکل پیش آ رہی ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے 13 ستمبر تک دہلی میں زرد انتباہ جاری کیا ہے۔ اس انتباہ کے تحت بتایا گیا ہے کہ شہر میں آج بھی درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے اور بارش کی شدت میں کمی آنے کی امید ہے۔ اس وقت شمال مغربی مدھیہ پردیش کے اوپر ایک ڈپریشن بنا ہوا ہے، جو کہ جنوب مغربی اتر پردیش کے علاقوں کو متاثر کر رہا ہے۔ پہلے یہ ڈپریشن خلیج بنگال پر لیکن اس کے بننے سے ویتنام کی طرف موجود طوفان یاگی کا کھنچاؤ اس طرف ہو گیا۔
بارش کے نتیجے میں نچلے علاقوں میں پانی بھرنے کے پیش نظر شہری انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر اختیار کر لی ہیں۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سڑکوں پر احتیاط برتیں۔ کئی مقامات پر پانی کی نکاسی کے نظام کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ مزید مشکلات سے بچا جا سکے۔
بارش کی شدت اور پانی جمع ہونے کی صورت حال کے پیش نظر، تعلیمی اداروں اور دفاتر میں بھی ممکنہ تعطیلات کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی حالات کی تازہ ترین معلومات حاصل کریں اور محفوظ رہنے کی کوشش کریں۔
موسم کی اس صورتحال نے دلی اور این سی آر کے رہائشیوں کی زندگیوں کو متاثر کر دیا ہے، اور بہت سے لوگ آج کے دن بھی بارش کی شدت کے اثرات کا سامنا کریں گے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور بارش کی صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔