تمل ناڈو میں موسلادھار بارش کا امکان، دریا کے کنارے رہنے والے لوگوں کے لیے الرٹ جاری

ریونیو ڈپارٹمنٹ نے گریٹر چنئی کارپوریشن اور دیگر ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اگلے تین دنوں میں شدید بارشوں کا سامنا کرنے کے لیے سیلاب کی تیاریوں کو بہتر بنائیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

چنئی: بارش کے امکان کے پیش نظر تمل ناڈو کے محکمہ محصولات نے دریاؤں کے کنارے رہنے والے لوگوں کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ آبی ذخائر سے پانی چھوڑا جا سکتا ہے۔ ریاستی محکمہ محصولات نے کہا کہ 121 کثیر مقصدی سائیکلون شیلٹر اور 5093 ریلیف مراکز تیار کیے گئے ہیں۔

ہفتہ کو چیمبرم بکم جھیل سے 912 کیوسک اور ریڈ ہلز کے ذخائر سے 677 کیوسک پانی چھوڑا گیا۔ انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا ہے۔ چنئی کے لیے 17 نگرانی افسران اور دیگر اضلاع کے لیے 43 نگرانی افسران کو بھاری بارش کی وجہ سے کسی بھی پریشانی سے نمٹنے کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔


آج موسلا دھار بارش کا امکان ہے کیونکہ خلیج بنگال میں کم دباؤ کا علاقہ مغرب-شمال مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ جس کی وجہ سے تمل ناڈو کے چنگل پٹو، ویلوپورم اور کڈالور اضلاع میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ چنئی میں بھی موسلادھار بارش کے آثار ہیں۔

ریونیو ڈپارٹمنٹ نے گریٹر چنئی کارپوریشن اور دیگر ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اگلے تین دنوں میں شدید بارشوں کا سامنا کرنے کے لیے سیلاب کی تیاریوں کو بہتر بنائیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیموں نے پہلے ہی بارش کے اگلے مرحلے کے دوران کسی بھی صورت حال کا سامنا کرنے کے لیے چوکس رہنے کی وارننگ دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔