شدید بارش کے پیش نظر 11 ریاستوں میں الرٹ جاری، یوپی کے 24 اضلاع سیلاب کی زد میں

مسلسل بارش اور لینڈ سلائیڈ سے اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کے ساتھ ہی لداخ میں بھی تباہی کا منظر۔ درجنوں سڑکوں پر آمد و رفت ٹھپ ہو چکی ہے جبکہ کئی علاقوں میں بجلی سپلائی بھی بند ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر</p></div>

فائل تصویر

user

قومی آواز بیورو

ملک کے کئی حصوں میں بدھ کو بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے والا ہے۔ قومی راجدھانی دہلی میں بھی اچھی بارش کے آثار ہیں۔ اس کے علاوہ پہاڑوں سے لے کر میدانی علاقوں تک برسات جاری رہنے والی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس سلسلے  میں مرکز کے زیر انتظام 2 علاقوں سمیت 11 ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق شمال مشرقی چھتیس گڑھ پر بنے دباؤ کے شمال مغرب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے اور آج شمالی مدھیہ پردیش اور جنوب-مشرق اترپردیش میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔

دہلی میں گزشتہ منگل کو شام میں جم کر بارش ہوئی اور یہی سلسلہ بدھ (18 ستمبر) کو بھی جاری رہنے والا ہے۔ عام طور پر آسمان میں بادل چھائے رہیں گے اور درمیانی بارش ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی درجہ حرارت میں بھی کمی درج کی جا رہی ہے۔ آج کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے۔ دہلی سے لگے علاقوں میں بھی آج بارش کا دور دیکھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔


موسم کی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی اسکائی میٹ کے مطابق جنوبی کونکن اور گوا، ساحلی کرناٹک، کیرل، آندھرا پردیش، جنوبی اوڈیشہ، تلنگانہ، ودربھ، جنوبی چھتیس گڑھ، انڈمان اور نکوبار جزائر گروپ اور مدھیہ پردیش کے کچھ حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ کچھ مقامات میں شدید بارش کا بھی نظارہ دیکھا جا سکتا ہے۔

جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، مشرقی راجستھان، گجرات کے کچھ حصوں، مراٹھواڑہ، کونکن اور گوا، داخلی کرناٹک، لکش دیپ، انڈمان اور نکوبار جزائر گروپ اور شمال مشرقی ہند کے کچھ حصوں میں ہلکی سے درمیانی سطح پر بارش۔ جبکہ سکم، مغربی بنگال، بہار، جھارکھنڈ، اتر پردیش، دہلی، پنجاب، ہریانہ، مغربی راجستھان اور مدھیہ مہاراشٹر میں بھی ہلکی پھلکی بارش درج کی جاسکتی ہے۔


مسلسل بارش اور لینڈ سلائیڈ کی وجہ سے پہاڑی ریاستوں اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کے ساتھ ہی لداخ میں بھی آفت آن پڑی ہے۔ ہماچل پردیش میں 54 سڑکوں پر آمد و رفت ٹھپ ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی سپلائی بند ہوچکی ہے۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات کے لکھنؤ مرکز کے مطابق اتر پردیش کے کئی حصوں میں سیلاب کی حالت ہے۔ تقریباً سبھی ندیوں میں طغیانی دیکھی جا رہی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں فتح پور اور رائے بریلی میں ڈوبنے سے دو لوگوں کی جانیں چلی گئیں۔ کچھلا بریج (بدایوں)، غازی پور، بلیا و فتح گڑھ میں گنگا ندی خوفناک صورتحال اختیار کرنے کی طرف ہے وہیں گھاگھرا کا ویگ ایلگن بریج (بارہ بنکی)، (تُرتی پار)، بلیا اور ایودھیا میں رہنے والوں کو مشکلوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت ریاست کے 24 اضلاع لکھیم پور کھیری، گونڈا، سیتا پور، فرخ آباد، بہرائچ، بارہ بنکی، بدایوں، بلیا، اعظم گڑھ، گورکھپور، ایودھیا، وارانسی، پریاگ راج اور گوتم بدھ نگر سیلاب کی زد میں ہے۔ سیلاب میں اب تک 14 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔