ممبئی میں شدید بارش، اندھیری سب وے میں بھرا 5 فٹ پانی، ناگپور میں اورنج الرٹ کے بعد اسکول-کالج بند
ممبئی کے کئی علاقوں میں شدید بارش ہوئی جس کے بعد اندھیر سب وے بند ہو گیا۔ دوسری جانب موسلادھار بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر ناگپور ضلع میں اسکول اور کالج آج کے لیے بند کر دئے گئے
ممبئی: مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی میں مانسون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دریں اثنا، کئی مقامات پر پانی جمع ہو گیا ہے اور پیدل چلنے والوں اور ڈرائیوروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ بارش کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہوئی ہے اور یہاں تک کہ اندھیری سب وے میں پانچ فٹ تک پانی بھر گیا ہے جس کی وجہ سے سب وے کو بند کر دیا گیا ہے۔
ممبئی کے کئی علاقوں میں کئی گھنٹوں تک موسلادھار بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر پانی بھر گیا۔ اندھیری سب وے کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں بڑی مقدار میں پانی پانی بھرا ہوا نظر آ رہا ہے۔ دوسری جانب سڑکوں پر بھی تین سے چار فٹ پانی بھر گیا ہے جس کی وجہ سے آمدورفت بند کر دی گئی ہے۔ تاہم سب وے پر جو ریلوے پل بنا ہوا ہے اس پر ٹرین کی آمدورفت آسانی سے جاری رہی۔
خیال رہے کہ ممبئی میں بارش کی وجہ سے ریلوے ٹریک پر بھی پانی بھر جاتا ہے اور بعض اوقات اس سے لوکل ٹرینوں کی رفتار بھی رک جاتی ہے۔ ویسٹرن ایکسپریس وے پر بھی پانی بھر گیا اور ولے پارلے کے نشیبی علاقے بھی پانی میں ڈوب گئے۔ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ آنے والے دنوں میں ممبئی میں مزید بارش کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کے کولابا اسٹیشن علاقے میں صبح کم سے کم درجہ حرارت 27.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سانتا کروز اسٹیشن پر درجہ حرارت 29 ڈگری سیلسیس رہا۔ کولابا کے علاقے میں 111 ملی میٹر بارش کا امکان ہے جبکہ سانتا کروز اسٹیشن کے علاقے میں 79 ملی میٹر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری طرف ناگپور ضلع میں شدید بارش کی وجہ سے آج یعنی 20 جولائی کو تمام اسکول اور کالج بند کر دئے گئے ہیں۔ یہ جانکاری دیتے ہوئے ناگپور کے ضلع کلکٹر ڈاکٹر وپن انٹاکر نے کہا کہ آئی ایم ڈی نے ناگپور کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔