شمالی، مغربی اور مشرقی ہندوستان میں 3 دن تک برقرار رہے گی شدید دھند: آئی ایم ڈی

ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے منگل کو کہا کہ شمالی، مغربی اور مشرقی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں اگلے تین دنوں کے دوران شدید دھند برقرار رہنے اور اس کے بعد آہستہ آہستہ کم ہونے کا امکان ہے

دہلی میں دھند / فائل تصویر / سوشل میڈیا
دہلی میں دھند / فائل تصویر / سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے منگل کو کہا کہ شمالی، مغربی اور مشرقی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں اگلے تین دنوں کے دوران شدید دھند برقرار رہنے اور اس کے بعد آہستہ آہستہ کم ہونے کا امکان ہے۔ موسمیات کے ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے تین دنوں کے دوران پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش اور راجستھان کے کئی حصوں میں سرد دن کے حالات جاری رہنے اور اس کے بعد درجہ حرارت میں اضافہ کا امکان ہے۔

آئی ایم ڈی نے اپنے بلیٹن میں کہا کہ پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، مغربی اتر پردیش اور راجستھان کے بیشتر حصوں میں کم از کم درجہ حرارت 6 سے 9 ڈگری سیلسیس اور شمالی مدھیہ پردیش، بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، سکم اور شمالی چھتیس گڑھ میں درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری کے درمیان ہے۔


اس میں کہا گیا، ’’پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور گجرات کے کئی حصوں میں یہ معمول سے 2 سے 4 ڈگری سیلسیس زیادہ ہے۔‘‘ آئی ایم ڈی نے مزید پیش گوئی کی ہے کہ پنجاب اور ہریانہ کے مختلف حصوں میں جمعہ تک اور اس کے بعد اگلے دو دنوں تک رات اور صبح کے دوران شدید دھند کے حالات برقرار رہنے کا امکان ہے۔

اس میں مزید کہا گیا، ’’بدھ اور جمعرات کو راجستھان کے کچھ حصوں اور بدھ کی صبح کے اوقات میں شمالی مدھیہ پردیش کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے حالات برقرار رہنے کا امکان ہے۔‘‘

آئی ایم ڈی نے کہا کہ پنجاب اور ہریانہ کے کئی حصوں میں منگل اور بدھ اور کچھ حصوں میں جمعرات کو سرد دن کے حالات جاری رہنے کا امکان ہے۔ جمعہ اور ہفتہ کو مختلف علاقوں میں سردی کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید کہا، ’’راجستھان کے کچھ حصوں میں منگل اور بدھ کو اور جمعرات کو مختلف حصوں میں سرد دن کے حالات جاری رہنے کا امکان ہے۔ منگل اور بدھ کو اتر پردیش کے مختلف علاقوں میں سرد دن کے حالات جاری رہنے کا امکان ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔