پونچھ: سَرحد پر شدید گولہ باری میں بی ایس ایف انسپکٹر اور ایک کمسن لڑکی ہلاک
گولہ باری میں 10 عام شہریوں سمیت ڈیڑھ درجن افراد زخمی ہوئے۔ فائرنگ کے پیش نظر پونچھ کے مختلف سرحدی علاقوں بشمول شاہپور، کرنی، ماندھار اور قصبہ میں ڈی ایم کے احکامات پر تعلیمی ادارے بند رہے۔
جموں: جموں کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر پیر کے روز ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کے شدید تبادلے میں ایک بی ایس ایف انسپکٹر اور ایک کمسن لڑکی ہلاک جبکہ قریب دس عام شہریوں سمیت دیگر ڈیڑھ درجن افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں فورسز کے چھ اہلکار بھی شامل ہیں۔
پونچھ کے کرشنا گاٹھی، کرنی، شاہپور، منکوٹ، گلپور اور دگوار سیکٹروں میں ہونے والی اس ہلاکت خیز گولہ باری کے نتیجے میں کئی رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ مہلوک کمسن بچی کی شناخت پانچ سالہ صوبیہ شریف کے بطور ہوئی ہے۔ دریں اثنا ایل او سی پر فائرنگ کے پیش نظر ضلع پونچھ کے متعدد سرحدی علاقوں میں پیر کے روز تعلیمی ادارے بند رہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے پیش نظر ضلع پونچھ کے مختلف سرحدی علاقوں بشمول شاہپور، کرنی، ماندھار اور قصبہ میں ضلع مجسٹریٹ کے احکامات پر تعلیمی ادارے بند رہے۔ اس حوالے سے ضلع مجسٹریٹ پونچھ کی طرف سے جاری حکم نامے میں کہا گہا تھا کہ 'آرپار کی گولہ باری کے پیش نظر شاہپور، ماندھار اور قصبہ کے کچھ حصوں بشمول ہائز سیکنڈری اسلام آباد تعلیمی ادارے پیر کے روز بنا بر احتیاط بند رہیں گے'۔
ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول پر کرشنا گاٹھی، کرنی، شاہپور، منکوٹ، گلپور اور دگوار سیکٹروں میں پیر کے روز پاکستانی فوج نے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرکے گولہ باری اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک بی ایس ایف انسپکٹر اور ایک کمسن لڑکی ہلاک جبکہ قریب دس عام شہریوں سمیت دیگر ڈیڑھ درجن افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں فورسز کے چھ اہلکار بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق طرفین کے مابین گولہ باری کا شدید تبادلہ جاری ہے۔ پاکستان کی طرف سے بھاری ہتھیاروں کے استعمال کے علاوہ مارٹر گولے داغے گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 01 Apr 2019, 7:09 PM