جموں و کشمیر: پونچھ میں شدید گولہ باری، ایک فوجی سمیت 2 افراد زخمی

گولہ باری کے نتیجے میں ایک عام شہری زخمی ہوا ہے جس کی شناخت محمد شریف کے طور پر ہوئی ہے۔ پولس ذرائع کے مطابق شریف کو فوری علاج ومعالجے کے لئے ضلع اسپتال پونچھ منتقل کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر پیر کے روز ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کے شدید تبادلے میں ایک فوجی اور ایک عام شہری زخمی ہوگئے۔ فوجی اہلکار منکوٹ کے کرشنا گاٹھی سیکٹر جبکہ عام شہری شاہپور کرنی سیکٹر میں زخمی ہوگیا ہے۔ گولہ باری کی وجہ سے کئی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ دریں اثنا ایل او سی پر فائرنگ کے پیش نظر ضلع پونچھ کے متعدد سرحدی علاقوں میں پیر کے روز تعلیمی ادارے بند رہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے پیش نظر ضلع پونچھ کے مختلف سرحدی علاقوں بشمول شاہپور، کرنی، ماندھار اور قصبہ میں ضلع مجسٹریٹ کے احکامات پر تعلیمی ادارے بند رہے۔ اس حوالے سے ضلع مجسٹریٹ پونچھ کی طرف سے جاری حکم نامے میں کہا گہا تھا کہ 'آرپار کی گولہ باری کے پیش نظر شاہپور، ماندھار اور قصبہ کے کچھ حصوں بشمول ہائز سیکنڈری اسلام آباد تعلیمی ادارے پیر کے روز بنا بر احتیاط بند رہیں گے'۔ ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول پر شاہپور اور کرنی علاقوں میں پیر کی صبح قریب پونے آٹھ بجے پاکستانی فوج نے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرکے گولہ باری اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک عام شہری زخمی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج بھر پور اور موثر جوابی کارروائی کررہی ہے۔

پولس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ طرفین کے درمیان گولہ باری کے نتیجے میں ایک عام شہری زخمی ہوا ہے جس کی شناخت محمد شریف کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف کو فوری علاج ومعالجے کے لئے ضلع اسپتال پونچھ منتقل کیا گیا ہے۔

اس دوران ضلع پونچھ کے منکوٹ میں ہند و پاک افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ پیر کو مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا۔ منکوٹ کے کرشنا گاٹھی سیکٹر میں پاکستانی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار زخمی جبکہ کئی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ زخمی اہلکار کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق منکوٹ میں طرفین کے مابین گولہ باری کا شدید تبادلہ ہوا۔ پاکستان کی طرف سے بھاری ہتھیاروں کے استعمال کے علاوہ مارٹر گولے داغے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔