بلند شہر میں اندوہناک سڑک حادثہ، 10 افراد جان بحق
حادثہ میں زخمی ہوئے مُنیش نے بتایا ہے کہ سوموار کو رکشا بندھن تہوار منانے کے لیے سبھی لوگ ایک ساتھ گاؤں جا رہے تھے۔
بلند شہر میں شکار پور - بلند شہر سڑک پر اتوار کی صبح میکس پک اَپ اور پرائیویٹ بس کے درمیان زبردست تصادم میں 10 افراد کی دردناک موت ہو گئی ہے جبکہ 37 افراد شدید طور پر زخمی ہیں۔ زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ایمرجنسی میں علاج کے لیے ڈاکٹروں کی ٹیم جمع ہو گئی ہے۔ حادثے میں مرنے والے سبھی لوگ علی گڑھ ضلع کے اترولی تحصیل کے گاؤں رائے پور خاص اہیر نگلا کے باشندے ہیں۔
پولیس کی اطلاع کے مطابق علی گڑھ کی اترولی تحصیل کے گاؤں رائے پور خاص اہیر نگلا کے 40 سے زیادہ لوگ غازی آباد سے علی گڑھ جا رہے تھے۔ یہ لوگ غازی آباد کی برٹانیہ ڈیلٹا فوڈ کمپنی میں نوکری کرتے تھے۔ سبھی لوگ میکس پک اپ گاڑی میں سوار ہو کر غازی آباد سے اپنے گھر کے لیے جا رہے تھے، اسی درمیان سلیم پور تھانہ حلقہ میں سامنے سے آ رہی ایک پرائیویٹ بس نے پک اپ کو زوردار ٹکر مار دی۔ حادثہ میں 5 لوگوں کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی جبکہ 3 دیگر نے اسپتال کی ایمرجنسی میں دم توڑ دیا۔ بعد میں مزید دو اموات کی اطلاع موصول ہوئی
ضلع مجسٹریٹ چندر پرکاش سنگھ اور ایس ایس پی شلوک کمار نے ضلع اسپتال کی ایمرجنسی میں پہنچ کر زخمیوں کے احوال دریافت کیے اور ڈاکٹروں کو ان کے بہتر علاج کی ہدایت دی۔ چندر پرکاش سنگھ نے بتایا کہ ہلاک شدگان اور زخمیوں کی لسٹنگ کی جا رہی ہے۔ حادثہ میں زخمی ہوئے مُنیش نے بتایا کہ سوموار کو رکشا بندھن ہے، اس لیے سبھی تہوار منانے کے لیے ایک ساتھ گاؤں جا رہے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔