کورونا: مہاجر مزدوروں کے نقل و حمل سے متعلق عرضی پر سماعت منگل تک ملتوی
سپریم کورٹ نے مہاجر مزدوروں کے نقل و حمل کا انتظام اور مناسب طبی سہولیات مہیا کرانے سے متعلق ایک عرضی پر مرکزی حکومت سے اپنا موقف رکھنے کے لیے کہا اور سماعت منگل تک کے لئے ملتوی کر دی۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ملک میں کورونا وائرس کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے گاؤں کی طرف پیدل جا رہے مہاجر مزدوروں کے لئے نقل و حمل کا انتظام کرنے اور انہیں مناسب طبی سہولیات مہیا کرانے کی ہدایات سے متعلق ایک پٹیشن کی سماعت منگل تک کے لئے ٹالتے ہوئے مرکزی حکومت سے اپنا موقف رکھنے کو کہا ہے۔
چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے اور جسٹس ایل ناگیشور راؤ کی خصوصی بنچ نے پیر کو معاملہ کی سماعت ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ درخواست گزار الکھ آلوک شریواستو اور سالیسٹر جنرل تشار مہتہ کی دلیلیں سنیں اور سماعت منگل دوپہر سوا بارہ بجے تک کے لئے ملتوی کر دی۔ شریواستو نے میڈیا میں شائع ان خبروں کا حوالہ دیا، جس میں مزدوروں کے سڑکوں پر جھنڈ کی شکل میں اپنے گاؤں کی جانب پیدل جانے کی اطلاع دی گئی ہے۔ انہوں نے ان مزدوروں کو گاؤں پہنچانے کے لئے مناسب ٹرانسپورٹ کا انتظام اور راستے میں طبی اور ضروری سہولیات مہیا کرانے کے لئے مرکز اور دہلی حکومت کو ہدایات دینے کی کورٹ سے درخواست کی تھی۔
سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل نے دلیل دی کہ مرکزی حکومت اور مختلف ریاستی حکومتوں نے ان مسائل کے تدارک کے لئے ضروری اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومتیں ہر لمحے صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اسی کے مطابق ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ مہتا نے دلیل دی کہ وہ مختلف حکومتوں کی طرف سے کیے جا رہے اقدامات کے بارے میں عدالت کو آگاہ کرانا چاہتے ہیں اور اس کے لئے انہیں مہلت دی جانی چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔