کیجریوال کی درخواست ضمانت پر سماعت، ہائی کورٹ نے سی بی آئی کو جاری کیا نوٹس

دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو وزیر اعلی اروند کیجریوال کی طرف سے شراب کے مبینہ گھوٹالہ سے متعلق بدعنوانی کے معاملے میں داخل کی گئی ضمانت کی درخواست پر سی بی آئی کو نوٹس جاری کیا

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو وزیر اعلی اروند کیجریوال کی طرف سے شراب کے مبینہ گھوٹالہ سے متعلق بدعنوانی کے معاملے میں داخل کی گئی ضمانت کی درخواست پر سی بی آئی کو نوٹس جاری کیا۔ جسٹس نینا بنسل کرشنا کی بنچ نے سی بی آئی سے اپنا جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔ کیس کی اگلی سماعت 17 جولائی کو مقرر کی گئی ہے۔

سماعت کے دوران سی بی آئی کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے ہائی کورٹ میں ضمانت کی عرضی داخل کرنے پر اعتراض اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم کیجریوال کو پہلے ضمانت کے لیے نچلی عدالت سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔ تاہم بنچ نے کہا کہ اس دلیل پر بعد میں غور کیا جائے گا۔ بنچ نے سی بی آئی سے کہا ہے کہ وہ اس دوران اپنا جواب داخل کرے۔


قبل ازیں، سی ایم کیجریوال کی درخواست ضمانت بدھ کو فوری سماعت کے لیے قائم مقام چیف جسٹس (اے سی جے) منموہن کی سربراہی والی بنچ کے سامنے پیش کی گئی۔ اے سی جے نے یقین دلایا تھا کہ ان کی درخواست ضمانت پر 5 جولائی (جمعہ) کو سماعت کی جائے گی۔

سی ایم کیجریوال اس وقت مبینہ بدعنوانی کے ایک معاملے میں 12 جولائی (14 دن) تک عدالتی حراست میں ہیں۔ انہوں نے سی بی آئی کے ذریعہ گرفتاری اور ایجنسی کی اس کے بعد کی حراست کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھایا تھا۔ یاد رہے کہ سی بی آئی نے سی ایم کیجریوال کو 26 جون کو گرفتار کر کے راؤس ایونیو کورٹ میں پیش کیا تھا۔ اس کے بعد انہیں پوچھ گچھ کے لیے تین دن کے لیے سی بی آئی کی حراست میں بھیج دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔