گیان واپی مسجد معاملہ میں سماعت 14 اپریل کو، مسجد احاطہ میں وضو کی اجازت کا راستہ ہو سکتا ہے ہموار
عدالت عظمیٰ سے مطالبہ کیا گیا کہ گیان واپی مسجد کا وضو خانہ رمضان کے موقع پر کھول دیا جائے، اس پر سپریم کورٹ نے کہا کہ عرضی داخل کرنے کے بعد 10 اپریل کو اس کا تذکرہ کریں، پھر 14 اپریل کو سماعت ہوگی۔
گیان واپی مسجد احاطہ میں مسلمانوں کو وضو کرنا فی الحال ممنوع ہے، لیکن ایسا لگتا ہے کہ جلد ہی اس سلسلے میں اجازت مل سکتی ہے۔ دراصل وارانسی کے گیان واپی مسجد معاملے میں سپریم کورٹ نے 14 اپریل کو سماعت کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ وہ مسلم فریق کو مسجد احاطہ میں وضو کی اجازت سے متعلق عرضی داخل کرنے کی اجازت دے گا۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق عدالت عظمیٰ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ گیان واپی مسجد کے جو علاقے بند ہیں انھیں رمضان کے موقع پر کھول دیا جائے۔ اس پر سپریم کورٹ نے کہا کہ عرضی داخل کرنے کے بعد 10 اپریل کو اس کا تذکرہ کریں، پھر 14 اپریل کو سماعت ہوگی۔ ایڈووکیٹ حذیفہ احمدی نے اس تعلق سے کہا کہ معاملے پر جلد سماعت ہونی چاہیے کیونکہ رمضان کا مہینہ چل رہا ہے اور وضو والے علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اب جلد ہی اس سلسلے میں وہ عرضی داخل کریں گے۔
آج چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا کہ سبھی عرضیاں 21 اپریل کو سماعت کے لیے آئیں گی، لیکن مسلم فریق 10 اپریل کو پھر سے معاملے کا ذکر کریں۔ پھر سپریم کورٹ اس معاملے پر 14 اپریل کو غور کرے گا۔ قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سال نومبر میں آئندہ حکم تک علاقہ کی سیکورٹی بڑھا دی تھی، کیونکہ ہندو فریق نے کہا تھا کہ وارانسی میں گیان واپی مسجد میں ایک شیولنگ پایا گیا تھا۔ اس دعویٰ کے بعد کورٹ نے پورے وضو خانہ کو ہی سیل کرنے کا حکم دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔