گلبرگہ: خواجہ بندہ نوازؒ کے عرس کا آغاز، جلوس صندل میں سینکڑوں عقیدتمندان کی شرکت

حضرت سیدمحمدحسینی گیسو دراز بندہ نوازؒ کے 615ویں عرس شریف کا جلوس صندل مبارک کی روانگی سے آغاز عمل میں آیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

گلبرگہ: حضرت سیدمحمدحسینی گیسو دراز بندہ نوازؒ کے 615ویں عرس شریف کا جلوس صندل مبارک کی روانگی سے آغاز عمل میں آیا۔ محبوب گلشن کے احاطہ میں مختص خصوصی گوشہ بندہ نوازؒ میں نماز عصر با جماعت ادا کی گئی، جس کی امامت مولانا مفتی سید عبد الرشید صدر مدرس دارالعلوم دینیہ بندہ نوازیہ نے کی۔

بعدازاں ڈاکٹر سید شاہ گیسو دراز خسر و حسینی قبلہ سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کی زیر صدارت محفل سماع کا انعقاد عمل میں آیا۔ محفل سماع کے اختتام پر ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسروحسینی سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ نے سمرہاؤس میں صندل مبارک کی کشتیاں اپنے سرپراٹھاکر جلوس صندل مبارک کوروانہ کیا۔


شام کے 6.30 بجے تاریخی محبوب گلشن سے جلوس صندل مبارک کی روانگی عمل میں آئی۔ صندل مبارک کی کشتیوں کی زیارت کرنے عقیدت مندان کی کثیر تعداد سمرہاؤس میں اکٹھاتھی۔ جلوس صندل مبارک کامشاہدہ کرنے کے لئے بلالحاظ مذہب وملت خواتین کی بھاری تعداد محبوب گلشن میں موجودتھی۔ جلوس صندل مبارک میں مقامی عقیدتمندان کے علاوہ ملک بھر سے آئے سینکڑوں زائرین نے شرکت کی۔

جلوس صندل مبارک میں رفاعی فقراء کے ضربات ومظاہرے لوگوں کی توجہہ کامرکز بنے ہوئے تھے۔جلوس صندل مبارک میں عقیدتمندان کلمہ طیبہ کاورد کررہے تھے جبکہ فقراء اپنے مخصوص انداز میں عرفانی کلام سنا رہے تھے۔ جلوس صندل مبارک جگت سرکل، سوپرمارکٹ، بھانڈا بازار، گلزارحوض چوک، کلاتھ بازار سے ہوتا ہوا مسجدمارکٹ پہنچا۔


نماز مغرب اورنماز عشاء کی ادائیگی کے بعد جلوس صندل مبارک کی جانب درگاہ شریف روانگی عمل میں آئی۔جلوس صندل مبارک صرافہ بازار، صندل گلی،نیشنل چوک،ڈنکا، مقبرہ مسجد،مسجدچوک سے ہوتاہوا رات10:30بجے درگاہ شریف پہنچا۔ الحاج ڈاکٹر سید شاہ گیسودرازخسروحسینی سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ نے گیارہ سیڑھی پر افراد خانوادہ بندہ نوازؒ،علمائے کرام ومشائخین کے ہمراہ جلوس صندل مبارک کااستقبال کیااورجلوس صندل کی آمد سے قبل سماع خانہ درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ میں محفل سماع منعقدہوئی۔جلوس صندل مبارک کے داخل بارگاہ ہونے کے بعد دوبارہ محفل سماع کاانعقادعمل میں آیا۔رات ایک بجے فاتحہ 22خواجگان انجام پائے بعد ازاں حضرت سجادہ نشین نے لباس خواجگی میں صند ل مالی انجام دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔