کہرے نے فلائٹ کی لینڈنگ پر لگائی روک، ممبئی اور احمد آباد کی پروازیں رائے پور ایئرپورٹ سے ڈائیورٹ
انڈیگو کے طیارہ آئی جی او 6687 احمد آباد-رائے پور کو دوپہر 12.37 بجے بھونیشور کی طرف موڑ دیا گیا، ایئر انڈیا کی فلائٹ اے آئی سی 651 ممبئی-رائے پور کو بھی ناگپور کی طرف ڈائیورٹ کیا گیا۔
ہندوستان کی راجدھانی دہلی کے ساتھ ساتھ اِن دنوں پنجاب، بہار، ہریانہ، اتر پردیش وغیرہ ریاستوں میں سردی کا ستم اپنے عروج پر ہے۔ سرد ہواؤں کے ساتھ ساتھ کہرے کا بھی زور دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس درمیان چھتیس گڑھ میں بھی موسم نے کروٹ لے لی ہے اور اس کا اثر طیاروں کی پرواز پر پڑتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق خراب روشنی اور کہرے کے سبب بدھ کے روز رائے پور ایئرپورٹ پر فلائٹ کی لینڈنگ روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس وجہ سے ممبئی اور احمد آباد سے آنے والی پروازوں کو ناگپور اور بھونیشور کی طرف ڈائیورٹ کر دیا گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ چھتیس گڑھ کے کئی اضلاع میں صبح سے ہی کہرا چھایا ہوا ہے۔ رائے پور سمیت کئی اضلاع میں ہلکی بوندا باندی بھی ہوئی ہے جس سے سردی میں بھی بہت اضافہ ہو گیا ہے۔ خراب روشنی کی وجہ سے بدھ کے روز انڈیگو کے طیارہ آئی جی او 6687 احمد آباد-رائے پور کو دوپہر 12.37 بجے بھونیشور کی طرف موڑ دیا گیا۔ اس سے قبل ایئر انڈیا کی فلائٹ اے آئی سی 651 ممبئی-رائے پور کو بھی صبح 11.53 بجے خراب روشنی کی وجہ سے ناگپور کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔ رائے پور کے سوامی وویک آنند ایئرپورٹ پر خراب روشنی کے سبب ان طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت نہیں دی جا سکی۔
واضح رہے کہ رائے پور سمیت چھتیس گڑھ کے کئی اضلاع میں موسم نے کروٹ لے لی ہے۔ صبح سے ہی شدید کہرا چھایا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ بوندا باندی کے ساتھ ہی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ رائے پور میں درجہ حرارت میں شدید گراوٹ بھی درج کی گئی ہے۔ رائے پور سمیت آس پاس کے علاقوں اور دیگر پڑوسی اضلاع میں ٹھنڈ بڑھنے کی وجہ سے اسکولوں میں تعطیل بھی کر دی گئی ہے۔ بلرام پور اور منندر گڑھ میں اسکولوں کو دو دنوں کے لیے بعد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دو دنوں میں سردی مزید بڑھ سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔