ہریانہ: دُشینت چوٹالہ بی جے پی حکومت کے ساتھ ’کھیلا‘ کرنے کو تیار، حکومت گرانے میں کانگریس کی حمایت کا اعلان
ہریانہ کے سابق نائب وزیر اعلیٰ دُشینت چوٹالہ کا کہنا ہے کہ تین اراکین اسمبلی کی حمایت واپسی سے ریاست کی بی جے پی حکومت اقلیت میں آ گئی ہے، وزیر اعلیٰ سینی کو اخلاقی بنیاد پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
ایک طرف لوک سبھا انتخاب کی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں، اور دوسری طرف ہریانہ کی بی جے پی حکومت پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ 7 مئی کو تین آزاد اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی کی قیادت والی حکومت سے اپنی حمایت واپس لینے کا اعلان کر دیا، جس سے حکومت اقلیت میں آ گئی ہے۔ ایسے میں ہریانہ کے سابق نائب وزیر اعلیٰ دُشینت چوٹالہ نے بھی بی جے پی حکومت کے ساتھ ’کھیلا‘ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ آج جے جے پی چیف دُشینت چوٹالہ نے اعلان کر دیا کہ ریاستی حکومت کو گرانے میں وہ کانگریس کی حمایت کریں گے۔
دُشینت چوٹالہ نے آج اس سلسلے میں ایک پریس کانفرنس کیا جس میں کہا کہ ’’اس وقت ہریانہ کی بی جے پی کی حکومت اقلیت میں ہے، اگر حکومت کو گرایا جائے تو ہم حکومت گرانے میں باہر سے حمایت کریں گے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’تین اراکین اسمبلی کی حمایت واپسی سے ریاست کی بی جے پی حکومت اقلیت میں آ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی کو اخلاقیات کی بنیاد پر استعفیٰ دے دینا چاہیے، ورنہ انھیں اکثریت ثابت کرنی چاہیے۔‘‘
میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے سابق نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ جلد ہی گورنر کو ایک تحریری عرضداشت پیش کریں گے جس میں بتائیں گے کہ دو اراکین اسمبلی استعفیٰ دے چکے ہیں اور تین آزاد اراکین اسمبلی نے حمایت واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔ اب حکومت کے پاس 5 اراکین اسمبلی کم ہو چکے ہیں۔ ایسے میں گورنر حکومت کو اکثریت ثابت کرنے کی دعوت دیں۔
دُشینت چوٹالہ اب ہریانہ کے سیاسی حالات میں کانگریس کے قدم کا انتظار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حزب مخالف لیڈر موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کوئی قدم اٹھائیں تو وہ انتخاب کے دوران ہی حکومت کو گرانے میں تعاون دینے پر پوری طرح سے غور کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ’’جے جے پی کی ٹکٹ پر منتخب ہونے والے سبھی اراکین اسمبلی کو وہپ کے مطابق ووٹ دینے ہوں گے۔ ہم نے تین اراکین اسمبلی کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ ابھی تک ان کی طرف سے جواب نہیں آیا ہے۔‘‘
دراصل جے جے پی کے کچھ اراکین اسمبلی پر پارٹی مخالف سرگرمیوں کا الزام لگا ہے۔ دُشینت چوٹالہ کا کہنا ہے کہ پارٹی مخالف سرگرمیوں کا ریکارڈ ہمارے پاس موجود ہے۔ ہمارے پاس تین اراکین اسمبلی کی ویڈیو ریکارڈنگ اور پوسٹر ہیں۔ حالانکہ چوٹالہ نے میڈیا کے پوچھنے پر بھی ان تین اراکین اسمبلی کے نام ظاہر نہیں کیے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخاب کی ووٹنگ سے قبل ہی تینوں اراکین اسمبلی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ ہریانہ میں لوک سبھا انتخاب کے لیے 25 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ یعنی اس سے پہلے ہی ہریانہ میں کوئی بڑا الٹ پھیر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔