بھارت جوڑو یاترا 21 دسمبر کو ہریانہ پہنچے گی، ریاستی کانگریس کا بھرپور استقبال کے لیے مکمل خاکہ تیار

کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی قیادت میں’بھارت جوڑو یاترا‘ 21 دسمبر کو ہریانہ میں داخل ہوگی۔ یاترا نوح ضلع کے فیروز پور جھرکہ اسمبلی حلقہ کے منڈکا بارڈر سے ہریانہ میں داخل ہوگی

بھارت جوڑو یاترا
بھارت جوڑو یاترا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی قیادت میں’بھارت جوڑو یاترا‘ 21 دسمبر کو ہریانہ میں داخل ہوگی۔ یاترا نوح ضلع کے فیروز پور جھرکہ اسمبلی حلقہ کے منڈکا بارڈر سے ہریانہ میں داخل ہوگی۔ یہاں ریاستی کانگریس کمیٹی کی جانب سے ایک مختلف انداز میں ہریانوی ثقافت سے بھرپور راگنی اور ڈھول ناگاڑوں سے استقبال کیا جائے گا۔

ہریانہ کانگریس کے انچارج شکتی سنگھ گوہل نے راہل گاندھی کی قیادت میں جاری بھارت جوڑو یاترا کے ریاست میں استقبال کرنے کو لے کر تشکیل دی گئی تمام کمیٹیوں کے ساتھ میٹنگ کی، جس میں یاترا کا روٹ طے کیا گیا۔ شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے پرزور استقبال کے لئے ریاست پوری طرح تیار ہے۔


رپورٹ کے مطابق 21 دسمبر سے یہ یاترا ہریانہ کے نوح، سوہنا اور فرید آباد اضلاع میں 300 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد 24 دسمبر کو راج گھاٹ پہنچے گی، جہاں اس یاترا کا ایک مرحلہ گلہائے عقیدت نذر کرنے کے ساتھ مکمل ہو جائے گا۔ دوسرا مرحلہ جنوری کے پہلے ہفتے میں اتر پردیش سے شروع ہوگا۔

مذکورہ یاترا کے ہریانہ کوآرڈینیٹر اور سابق وزیر راؤ دان سنگھ نے بتایا کہ یہ یاترا جس کی قیادت نوجوان رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کررہے ہیں، 21 دسمبر کو صبح 6 بجے ہریانہ کے منڈکا سرحد پہنچے گی، جہاں پارٹی کے ریاستی صدر ادے بھان سنگھ، ریاستی انچارج ایم پی شکتی سنگھ، پارٹی جنرل سکریٹری کماری شیلجہ، سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا، راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ دیپیندر ہڈا، سابق وزراء کرن چودھری اور رندیپ سرجے والا اور ریاست کے کئی سابق وزراء اور ایم ایل ایز استقبال کریں گے۔


انہوں نے بتایا کہ راہل گاندھی یہاں کسان تنظیموں، سماجی اور نوجوان تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے اور عام لوگوں کے مسائل جانیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ یاترا ملک کی پہلی یاترا ہے جو کسی سیاسی پارٹی کے لیڈر کی قیادت میں کشمیر سے کنیا کماری تک نکالی جارہی ہے۔ راہل گاندھی اور ان کے ساتھ دیگر لیڈران اس یاترا سے ایک نیا تجربہ لے کر آرہے ہیں جس سے پارٹی کو فائدہ ہوگا۔ اس یاترا کی تکمیل کے ساتھ ہی سال 2024 میں لوک سبھا انتخابات کے بعد کانگریس کی حکمرانی ملک میں ایک نئی صبح کے طور پر ابھرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ ساتھ یوتھ کانگریس، سیوا دل، مہیلا کانگریس، این ایس یو آئی سے وابستہ عہدیداروں کے فرائض یاترا کے حوالے سے طے کئے جارہے ہیں۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔