ہریانہ ضمنی انتخاب: ’کانگریس کارکنان سے ایلن آباد سیٹ کے لئے کمربستہ ہونے کی اپیل‘
کماری شیلجا نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت سے ہرطبقہ پریشان ہے اور کانگریس کی جانب دیکھ رہا ہے جس سے واضح ہوگیا ہے کہ آنے والی حکومت کانگریس کی ہوگی۔
سرسہ: ہریانہ کانگریس کی صدر کماری شیلجا نے پارٹی کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ ایلن آباد اسمبلی ضمنی انتخابات کے لئے کمرکس لیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت سے ہرطبقہ پریشان ہے اور کانگریس کی جانب دیکھ رہا ہے جس سے واضح ہوگیا ہے کہ آنے والی حکومت کانگریس کی ہوگی۔ کماری شیلجا آج ایلن آباد اسمبلی حلقہ کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران چاہر والا، شاہ پوریا، کاگدانا وغیرہ گاوں میں دیہی اجتماع سے خطاب کر رہی تھیں۔
انہوں نے کسان تحریک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی کے لیڈر راہل گاندھی نے واضح کر دیا ہے کہ پارٹی کے اقتدارمیں آنے پر تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے آئی این ایل کے جنرل سکریٹری ابھے سنگھ چوٹالہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایلن آباد ضمنی انتخابات عوام پر مسلط کیا گیا ہے جو کہ مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھے چوٹالہ کو ایلن آباد اسمبلی حلقہ کے عوام نے نمائندہ بناکر بھیجا۔ ایسی حالت میں ان کو چاہیے تھا کہ استعفیٰ دینے کے بجائے اسمبلی میں کسان کی لڑائی لڑتے، لیکن انہوں نے اپنی پارٹی کی بقا اور فائدے کے لئے ایک ڈھونگ رچا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مودی مہنگائی اور اخراجات پر بھی گفتگو کریں: راہل گاندھی
اس دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کماری شیلجا نے بتایا کہ ایلن آباد ضمنی انتخابات میں جتانے والے کارکن کو ہی ٹکٹ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اسمبلی میں اہم اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے جس میں امید ہے کہ ایلن آباد کے عوام کانگریس امیدوار کو ہی اپنا ایم ایل اے منتخب کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کانگریس پارٹی متحد ہوکر الیکشن لڑے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔