ہریانہ اسمبلی انتخابات: کیا ووٹنگ کی تاریخ تبدیل ہوگی؟ الیکشن کمیشن منگل کو کر سکتا ہے اعلان

ریاست کی تمام 90 سیٹوں کے لیے ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے ہریانہ میں یکم اکتوبر کو ووٹنگ کا اعلان کیا تھا اور انتخابی نتائج 4 اکتوبر کو گنتی کے بعد آئیں گے

<div class="paragraphs"><p>الیکشن کمیشن / سوشل میڈیا</p></div>

الیکشن کمیشن / سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

چنڈی گڑھ: ہریانہ میں آئندہ اسمبلی انتخابات کی تاریخ تبدیل ہو سکتی ہے۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ نے ذرائع کے حوالہ سے یہ اطلاع دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیاسی جماعتوں کی درخواست پر منگل کو الیکشن کمیشن کے اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ ریاست کی تمام 90 سیٹوں کے لیے ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے ہریانہ میں یکم اکتوبر کو ووٹنگ کا اعلان کیا تھا اور انتخابی نتائج 4 اکتوبر کو گنتی کے بعد آئیں گے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے ہریانہ اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ کی تاریخ تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق ووٹنگ یکم اکتوبر کی بجائے 7 یا 8 اکتوبر کو ہو سکتی ہے۔ اس کے مطابق ووٹوں کی گنتی کی تاریخ میں بھی توسیع کی جا سکتی ہے۔

ہریانہ بی جے پی کے صدر موہن لال بڈولی نے الیکشن کمیشن کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے کم ٹرن آؤٹ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے یکم اکتوبر کی ووٹنگ کی تاریخ کو تبدیل کرنے کو کہا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ یکم اکتوبر کی ووٹنگ کی تاریخ سے پہلے اور بعد میں کئی چھٹیاں ہیں، جس کی وجہ سے ووٹنگ کم ہو سکتی ہے، اس لیے اس تاریخ کو تبدیل کیا جانا چاہیے۔


موہن لال بڈولی نے کمیشن کو خط لکھ کر کہا، ’’یکم اکتوبر کو ووٹنگ کے دن سے پہلے اور بعد میں چھٹیاں ہو رہی ہیں۔ ان چھٹیوں کی وجہ سے لوگ سیر کے لیے باہر جا سکتے ہیں۔ اس سے ووٹنگ کا فیصد متاثر ہو سکتا ہے۔ لہذا الیکشن کمیشن اور ہریانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر سے گزارش ہے کہ ووٹنگ کی تاریخ تبدیل کر دی جائے۔‘‘

اپنے خط میں انہوں نے بتایا کہ 28 تاریخ بروز ہفتہ اور 29 تاریخ اتوار، 30 تاریخ بروز پیر یعنی درمیان میں کام کا دن ہے اور ووٹنگ منگل یکم اکتوبر کو ہوگی۔ جب کہ 2 اکتوبر کو گاندھی جینتی کی چھٹی ہے، 3 اکتوبر کو اگرسین جینتی کی چھٹی ہے۔ ایسے میں 6 دن کا طویل ویک اینڈ ہونے کی وجہ سے لوگ چھٹیوں پر جا سکتے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ اس نے انتخابات سے یہ سبق سیکھا ہے کہ انتخابات شدید گرمی اور ویک اینڈ پر نہیں ہونے چاہئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔