ہریانہ اسمبلی انتخابات: کانگریس نے چوتھی فہرست کی جاری، پانچ امیدواروں کے نام شامل

ہریانہ اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس نے اپنے امیدواروں کی چوتھی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں کل پانچ امیدواروں کے نام شامل کیے گئے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

چنڈی گڑھ: ہریانہ اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس نے اپنے امیدواروں کی چوتھی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں کل پانچ امیدواروں کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ کانگریس نے انبالہ کینٹ سے پریمل پاری، پانی پت دیہی سے سچن کنڈو، نروانا (ایس سی) سے ستبیر ڈبلین، رانیا سے سرو میترا کمبوج اور تیگاؤں سے روہت ناگر کو میدان میں اتارا گیا ہے۔

یہ فہرست جاری ہونے سے چند گھنٹے پہلے کانگریس نے اپنی تیسری فہرست بھی جاری کی تھی، جس میں ریاستی اسمبلی کے امیدوار کے طور پر راجیہ سبھا کے رکن رندیپ سنگھ سرجے والا کے بیٹے آدتیہ سرجے والا کو کیتھل سے امیدوار بنایا گیا تھا۔

کانگریس نے ہریانہ کی 90 اسمبلی سیٹوں میں سے 86 پر اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے اور صرف چار امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہونا باقی ہے۔ انتخابی عمل کے مطابق، نامزدگی کی آخری تاریخ جمعرات کو ہے۔ 5 اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی اور 8 اکتوبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ کانگریس نے 2019 کے انتخابات میں ہارنے والے 12 سابقہ امیدواروں کو بھی ٹکٹ دیا ہے، جبکہ 34 نئے چہرے بھی میدان میں ہیں۔


حال ہی میں پارٹی میں شامل ہونے والے یوٹیوبر سرو میترا کمبوج پر کانگریس نے اعتماد ظاہر کیا ہے اور انہیں رانیا اسمبلی سیٹ سے امیدوار بنایا ہے۔ اس کے علاوہ، انبالہ سے لوک سبھا کے رکن ورون چوپڑا کی بیوی پوجا چوپڑا کو مُلانا سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ ملانا سیٹ ورون چوپڑا کے لوک سبھا انتخاب جیتنے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

انبالہ کینٹ سے پارٹی نے سابقہ وزیر داخلہ انیل وج کے مقابلے پر پرمل پاری کو میدان میں اتارا ہے۔ 2019 کے انتخابات میں یہاں کانگریس نے وینو سنگلا کو ٹکٹ دیا تھا، جو بی جے پی کے انیل وج سے ہار گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔