تمل ناڈو کے بعد ہریانہ میں بھی بچاؤ آپریشن ناکام، بورویل سے نکلی 5 سالہ شیوانی کی لاش

اتوار کی شب تقریباً 9 بجے ضلع انتظامیہ کو اطلاع ملی کہ 5 سالہ شیوانی بورویل میں گر گئی ہے۔ ایک افسر نے بتایا کہ بورویل سے بچی کو نکالے جانے کے فوراً بعد اسپتال لے جایا گیا، لیکن تب تک وہ مر چکی تھی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہریانہ کے کرنال ضلع میں 50 فٹ گہرے بورویل میں گری پانچ سال کی بچی شیوانی کی لاش کو 18 گھنٹے کے آپریشن کے بعد پیر کو این ڈی آر ایف کی ٹیم نے باہر نکالا۔ اس ناکام بچاؤ آپریشن کے بعد گزشتہ دنوں تمل ناڈو میں 2 سالہ سجیت کی یاد تازہ ہو گئی جسے تقریباً 80 گھنٹوں کی مشقت کے بعد بورویل سے نکالا تو گیا، لیکن اس وقت تک وہ موت کی نیند سو چکا تھا۔


شیوانی کے تعلق سے پولس نے بتایا کہ وہ اتوار کو گھرونڈا بلاک کے ہری سنگھ پورا گاؤں میں اپنے گھر کے پاس کھیل رہی تھی۔ اسی دوران دوپہر تین بجے وہ بورویل میں گر گئی۔ اس کے گھر والوں نے ضلع انتظامیہ کو رات تقریباً 9 بجے اس کی خبر دی۔ واقعہ کی جانکاری ملتے ہی این ڈی آر ایف کی 37 رکنی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور بورویل میں ایک پلاسٹک کا پائپ ڈالا گیا جس کے ذریعہ ایک تار کا ہک اس میں ڈالا گیا اور بچی کے پیر میں اسے پھنسا کر باہر نکالا گیا۔

ایک افسر کے مطابق بورویل میں گری بچی کو نکالے جانے کے فوراً بعد اسے کرنال کے کلپنا چاؤلہ سرکاری میڈیکل کالج لے جایا گیا، لیکن اسے وہاں مردہ قرار دے دیا گیا۔ بورویل بچی کے گھر کے پاس ہی تھا، جو کہ کئی مہینوں سے کھلا پڑا تھا۔


واضح رہے کہ اس سے قبل منگل کو تمل ناڈو کے تروچیراپلی ضلع میں بورویل میں پھنسا دو سالہ بچہ سجیت کی لاش کو تقریباً 80 گھنٹوں کی مشقت کے بعد باہر نکالا گیا تھا، لیکن اس وقت تک وہ موت کی نیند سو چکا تھا۔ اس کے علاوہ اس سال کے شروع میں پنجاب کے سنگرور ضلع میں 150 فٹ گہرے بورویل سے ایک دو سال کے بچے کو چھ دنوں کی مشقت کے بعد مردہ حالت میں نکالا گیا تھا۔ بہر حال، 5 سالہ بچی کی موت کے بعد سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ ملک بھر میں کھلے بورویل بند کیے جانے کے سپریم کورٹ کے احکام کے باوجود بھی یہ بورویل 4 سال سے کھلا کیوں پڑا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔