بی جے پی ای وی ایم میں چھیڑ چھاڑ کر سکتی ہے: راوت

ہریش راوت نے کہا کہ وہ انتخابات کے بعد لوگوں سے مسلسل ملاقات کر رہے ہیں اور ووٹنگ کے حوالے سے ان کی رائے لے رہے ہیں۔ ماحول کانگریس کے حق میں ہے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

انتخابات کے بعد بھی اتراکھنڈ میں سیاسی ماحول گرم ہے۔ کرسی کی خواہش میں سب سے زیادہ پرجوش کانگریس لیڈر ہریش راوت نئے نئے بیانات دے کر پارا گرنے سے بچا رہے ہیں۔ آج، انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی شکست کے خوف سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر سکتی ہے۔

مسٹر راوت انتخابات کے بعد بھی لال کنواں میں سرگرم ہیں۔ جمعہ کو انہوں نے ہلدوچوڑ میں کارکنوں سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی شکست سے خوفزدہ ہے اور ایسی صورتحال میں وہ کچھ بھی کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں کچھ بھی ممکن ہے۔


انہوں نے کہا کہ وہ انتخابات کے بعد لوگوں سے مسلسل ملاقات کر رہے ہیں اور ووٹنگ کے حوالے سے ان کی رائے لے رہے ہیں۔ ماحول کانگریس کے حق میں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ابھی سے ایک منتخب وزیر اعلیٰ کی طرح برتاؤ شروع کر دیا ہے۔ اس دوران وہ ہر قسم کے اعلانات بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے ای وی ایم کے تعلق سے بی جے پی پر سوال اٹھائے اور جمہوریت کے نگرانوں سے اس پر نظر رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ کانگریس بھی اس بارے میں باخبر اور سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ای وی ایم میں چھیڑ چھاڑ کرنے کے ساتھ ہی اسے تبدیل کرنے کا کام بھی کرسکتی ہے۔


تاہم وزیر اعلیٰ کے معاملے میں انہوں نے اس دوران یہ بھی کہا کہ کانگریس ہائی کمان کی سفارش پر ہی ریاست میں وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہوگا۔غور طلب بات ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت کی جانب سے 48 سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کیاگیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔