ہاردک پٹیل کی بنگلورو سے علاج کے بعد گجرات واپسی، علامتی بھوک ہڑتال کا اعلان
ہاردک پٹیل نے اعلان کیا کہ مہاتما گاندھی کی جیتنی سے وہ کسانوں کے قرض معافی اور پاٹیدار ریزرویشن کے لئے علامتی بھوک ہڑتال کی شروعات کریں گے۔
احمد آباد: پاٹیدار آرکشن آندولن سمیتی (پاس) کے لیڈر ہاردک پٹیل بنگلورو میں قدرتی علاج کے بعد اپنی آبائی ریاست گجرات واپس آگئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مہاتما گاندھی کی جیتنی یعنی آئندہ دو اکتوبر سے وہ کسانوں کے قرض معافی، پاٹیدار ریزرویشن اور غداری کے معاملہ میں جیل میں بند اپنے ساتھی الپیش کتھیریا کی رہائی کے لئے ایک روزہ علامتی بھوک ہڑتال کی شروعات کریں گے۔
ہاردک نے ہوائی اڈہ کے باہر نامہ نگاروں سے کہا کہ وہ موربی ضلع کے بگھلا گاؤں سے ایک روزہ علامتی بھوک ہڑتال کی شروعات کریں گے۔ اس کے بعد 28 اضلاع کے تقریباََ 160تعلقہ میں بھی ایسا کریں گے۔
خیال رہے کہ ہاردک ان ہی امور پر گزشتہ 25 اگست سے اپنی رہائش گاہ پر غیرمعینہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے لیکن کافی تنازعہ اور حکومت کے سخت رخ اور کسی بھی معاملہ پر کوئی یقین دہانی نہیں ملنے کے بعد 12ستمبر کو انہوں نے اپنی کمیونٹی کے لیڈروں کے ہاتھوں ناریل اور لیمو پانی پیکر بھوک ہڑتال ختم کردی تھی۔
اس کے بعد وہ 17ستمبر کو بنگلورو کے تمکور روڈ پر واقع مشہور قدرتی علا ج مرکز جندل نیچر کیئر انسٹوٹیوٹ، جس میں عام آدمی کے لیڈر اور دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال کی کھانسی اور شوگر سے متعلق مسائل کا ماضی میں کامیاب علاج کیا گیا تھا، میں داخل تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Sep 2018, 10:05 AM