پیٹھ میں درد کی وجہ سے پانڈیا آسٹریلیا سیریز سے باہر
پانڈیا کو پیٹھ کے درد کی شکایت ہے، ان کی پیٹھ کے نچلے حصے میں کھنچاؤ ہے جس کی وجہ سے میڈیکل ٹیم نے اگلے ہفتے سے شروع ہو رہی آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لئے پانڈیا کو آرام دیے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئی دہلی: ہندستان اور آسٹریلیا کے درمیان 24 فروری سے شروع ہونے والی سیریز سے پہلے ہندوستانی ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ہندستانی ٹیم کے ا سٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا پیٹھ میں درد کی شکایت کے بعد آسٹریلیا کے ساتھ ہونے والی دو ٹوئنٹی -20 اور پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کی جمعرات کو جاری ریلیز کے مطابق پانڈیا کو پیٹھ میں درد ہوگیا ہے۔ ان کی پیٹھ کے نچلے حصے میں کھنچاؤ ہے جس کی وجہ سے میڈیکل ٹیم نے اگلے ہفتے سے شروع ہو رہی آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لئے پانڈیا کو آرام دیے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پانڈیا کی جگہ ون ڈے ٹیم سے باہر چل رہے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کو ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ٹوئنٹی -20 ٹیم 14 رکنی ہی رہے گی۔ جڈیجہ کے لئے اب خود کو ورلڈ کپ کی دوڑ میں برقرار رکھنے کا یہ شاندار موقع ملے گا۔
ایک ٹی وی چیٹ شو میں خواتین کے خلاف نازیبا تبصرہ کے بعد پانڈیا کو کچھ وقت کے لئے ٹیم سے معطل کر دیا گیا تھا جس کے بعد انہیں حال ہی میں نیوزی لینڈ کے دورے میں ہندستانی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
آسٹریلیا کے خلاف دو ٹوئنٹی -20 میچوں کے آغاز اتوار 24 فروری سے وشاکھاپٹنم میں ہوگا جبکہ ون ڈے سیریز حیدرآباد میں تین مارچ سے کھیلی جائے گی۔ 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ سے پہلے یہ ہندستان کی آخری ون ڈے سیریز ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔