’عوام بی جے پی کی اس ناانصافی کا جواب ضرور دے گی‘، وکیل حسن کا گھر منہدم کیے جانے سے ناراض پرینکا گاندھی کا حکومت پر حملہ
ڈی ڈی اے نے دہلی کے کھجوری خاص علاقے میں تجاوزات ہٹاتے ہوئے کئی مکانات کو مسمار کر دیا، اس مہم کے دوران بے گھر ہونے والوں میں ’ریٹ ہول مائینر‘ وکیل حسن بھی شامل ہیں۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) کی تجاوزات مخالف مہم کے دوران ’ریٹ ہول مائنر‘ وکیل حسن کا گھر گرائے جانے پر بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ غریبوں کو اذیت دینا اور ان کی تذلیل کرنا ہی بی جے پی کے ’انیائے کال‘ کی سچائی ہے اور عوام اس ناانصافی کا جواب ضرور دے گی۔
واضح رہے کہ ڈی ڈی اے نے کھجوری خاص علاقے میں تجاوزات مخالف مہم چلاتے ہوئے کئی مکانات کو مسمار کر دیا جس میں وکیل حسن کا بھی مکان شامل تھا۔ یہ وہی وکیل حسن ہیں جنہوں نے گزشتہ سال نومبر میں اپنی ٹیم کے ساتھ اترکاشی کے سلکیارا سرنگ میں پھنسے 41 مزدروں کوبچایا تھا اور جس کے لیے انہیں اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ وکیل حسن پیشے کے لحاظ سے ’ریٹ ہول مائنر‘ (سرنگ کھودنے والے) ہیں۔
پرینکا گاندھی نے اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر وکیل حسن کی بیوی کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’وکیل حسن نے اپنی جان جوکھم میں ڈال کر اترکاشی میں سرنگ میں پھنسے مزدوروں کی جان بچائی تھی۔ اس وقت اپنی تشہیر کے لیے بی جے پی کے بڑے بڑے لیڈروں نے ان کے ساتھ تصویریں کھنچوائی تھیں۔ جب پرچار ختم ہو گیا تو آج اسی وکیل حسن کو تھانے میں بند کر دیا گیا اور ان کا گھر توڑ کر ان کے بچوں کے سر سے چھت چھین لی گئی۔‘‘ پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ ’’غریبوں کا گھر توڑنا، انہیں کچلنا، اذیت دینا اور ان کی توہین کرنا یہ ناانصافی ہی بی جے پی کے ’انیائے کال‘ کی سچائی ہے۔ عوام اس ناانصافی کا جواب ضرور دے گی۔‘‘
اس دوران دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے وکیل حسن کو ایک مکان دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مجھے اس کی اطلاع دی گئی ہے اور ہم یقینی طور پر معاوضہ دیں گے۔ انہیں مکان بھی فراہم کیا جائے گا۔ اس واقعے کے بعد ڈی ڈی اے نے وکیل حسن کو عارضی رہائش کی پیشکش کی لیکن انہوں نے اسے ٹھکرا دیا۔ ڈی ڈی اے حکام نے انہیں گووند پوری کے علاقے میں ایک گھر کی پیشکش کی تھی۔ اس تعلق سے وکیل حسن نے بتایا کہ ’’نصف شب کے قریب ڈی ڈی اے کے کچھ اہلکار آئے اور مجھے اور میرے خاندان کو وسنت کنج کے ایک گیسٹ ہاؤس میں منتقل کرنے کی پیشکش کی۔ ان اہلکاروں نے یہ بھی کہا کہ گووند پوری علاقہ میں جلد ہی ایک مکان بھی فراہم کیا جائے گا، لیکن میں نے ان کی تجویز کو قبول کرنے سے انکار کر دیا کیونکہ ان کی تجویز زبانی تھی۔ وکیل حسن نے الزام لگایا کہ انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں دیا تھا، ایک وعدہ ضرور کیا گیا تھا کہ مکان کو ہاتھ نہیں لگائیں گے لیکن اب اس گھر کو ہمیشہ کے لیے چھین لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وکیل حسن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے بیٹوں کو پولیس کے ذریعے پیٹا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔