ماہِ رمضان مبارک! ہلال کمیٹیوں نے چاند دیکھے جانے کا کیا اعلان، پہلا روزہ 3 اپریل کو

دہلی کی تاریخ جامع مسجد کے امام سید احمد بخاری نے کہا ہے کہ ’’ہندوستان کے مختلف شہروں میں عام رویت ہوئی ہے، لہٰذا اعلان کیا جاتا ہے کہ کل 3 اپریل، اتوار کے روز ان شاء اللہ پہلا روزہ ہوگا۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

2 اپریل کو ہندوستان کی بیشتر ریاستوں کی ہلال کمیٹیوں نے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی تصدیق کی ہے۔ اس کے بعد پورے ملک میں پہلا روزہ 3 اپریل یعنی اتوار کے روز رکھا جائے گا۔ رویت ہلال کے تعلق سے دہلی کی تاریخی جامع مسجد کے امام سید احمد بخاری کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ’’ہندوستان کے مختلف شہروں میں عام رویت ہوئی ہے۔ لہٰذا اعلان کیا جاتا ہے کہ کل 3 اپریل، اتوار کے روز ان شاء اللہ پہلا روزہ ہوگا۔‘‘

دہلی کی فتح پوری مسجد نے رویت ہلال سے متعلق ایک بیان جاری کیا ہے۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی، مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد صاحب، صدر مسجد فتح پوری رویت ہلال کمیٹی نے اعلان فرمایا ہے کہ آج 29 شعبان کو رمضان المبارک کے چاند کی رویت ہو گئی ہے۔ لہٰذا رمضان المبارک کا پہلا روزہ 3 اپریل 2022 بروز اتوار ہوگا۔‘‘


اسی طرح امارت اہل حدیث صادق پور ہند، پٹنہ کا بھی اعلانیہ جاری ہوا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ ’’اسی طرح امارت اہل حدیث صادق پور ہند، پٹنہ اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ آج بتاریخ 29 شعبان المعظم 1443ھ مطابق 2 اپریل 2022 بروز سنیچر رمضان المبارک کا چاند پٹنہ اور اس کے مضافات میں نہیں دیکھا گیا، لیکن اس کے علاوہ مختلف مقامات جیسے کانپور، لکھنؤ، الٰہ آباد، مدراس اور ہندوستان کے مختلف علاقوں سے چاند دیکھے جانے کی خبر موصول ہوئی۔ لہذا ہمدردان و برادران اسلام کو نہایت ہی مسرت و شادمانی کے ساتھ یہ اطلاع دی جا رہی ہے کہ 29 کی رویت کے اعتبار سے رمضان المبارک کے روزے 3 اپریل 2022 بروز اتوار رکھے جائیں گے۔ ان شاء اللہ العزیز۔‘‘

بہار کی کچھ دیگر ہلال کمیٹیوں اور اتر پردیش، مغربی بنگال، اڈیشہ وغیرہ ریاستوں کی ہلال کمیٹیوں نے بھی 3 اپریل کو پہلا روزہ رکھے جانے کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو ہندوستان کی بیشتر ریاستوں کے مسلم بھائی آج سے سحر و افطار کی سرگرمیوں میں مصروف ہو گئے ہیں۔ رمضان المبارک کے موقع کو دیکھتے ہوئے کانگریس نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں مسلم بھائیوں کو اس ماہِ مبارک پر مبارکباد پیش کی ہے۔ دیگر کئی سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیتوں نے بھی رمضان المبارک کا چاند دیکھے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنی مبارکبادیاں پیش کی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔