ہنومان چالیسا تنازعہ: کئی ایم این ایس لیڈروں کو ممبئی پولیس نے کیا شہر بدر!

مہیندر بھانوشالی ایم این ایس چاندیولی حلقہ کے سربراہ ہیں، انھیں ممبئی پولیس نے 17 مئی تک کے لیے شہر بدر کر دیا ہے، بھانوشالی نے سب سے پہلے لاؤڈاسپیکر پر ہنومان چالیسا بجانے کا کام کیا تھا۔

ممبئی پولیس، علامتی تصویر
ممبئی پولیس، علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں لاؤڈاسپیکر سے اذان بند نہ کیے جانے پر ایم این ایس (مہاراشٹر نونرمان سینا) لیڈران و کارکنان کے ذریعہ ہنومان چالیسا بجائے جانے کے خلاف پولیس نے سخت رخ اختیار کر لیا ہے۔ راج ٹھاکرے اور ان کی پارٹی ایم این ایس کے کئی لیڈروں کے خلاف سخت اقدام بھی اٹھائے گئے ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایم این ایس کے سرکردہ لیڈر مہیندر بھانوشالی کو ممبئی پولیس نے شہر بدر کر دیا ہے۔ دراصل بھونگا تنازعہ میں کئی ایم این ایس کارکنان کو پولیس نے حراست میں لیا، جن میں سے کئی کو اب شہر بدر کیا جا رہا ہے۔

ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق مہیندر بھانوشالی ایم این ایس چاندیولی حلقہ کے سربراہ ہیں۔ انھیں ممبئی پولیس نے 17 مئی تک کے لیے شہر بدر کر دیا ہے۔ بھانوشالی نے سب سے پہلے لاؤڈاسپیکر پر ہنومان چالیسا بجانے کا کام کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ایم این ایس لیڈر کو ممبئی کی سرحد سے باہر چھوڑ دیا ہے اور انھیں سخت ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 17 مئی سے پہلے ممبئی میں نہیں آئیں گے۔


واضح رہے کہ راج ٹھاکرے نے الٹی میٹم دیا تھا کہ اگر 4 مئی تک مسجدوں سے ناجائز لاؤڈاسپیکر نہیں ہٹائے گئے تو وہ ان مقامات پر ہنومان چالیسا لاؤڈاسپیکر پر بجائیں گے۔ اس کے بعد ممبئی میں کثیر تعداد میں پولیس فورس کی تعیناتی ہوئی اور راج ٹھاکرے سمیت ایم این ایس کارکنان کو نوٹس جاری کیا گیا۔ اس کے باوجود 4 مئی کی صبح ایم این ایس کارکنان نے لاؤڈاسپیکر پر ہنومان چالیسا کا پاٹھ کیا۔ بعد ازاں کئی ایم این ایس لیڈران و کارکنان کو حراست میں لیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔