ہاتھوں سے محروم غوث شیخ نے پیروں سے لکھا بورڈ امتحان، 12 ویں سائنس میں حاصل کئے 78 فیصد نمبر

غوث شیخ کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے ملک کی خدمت کرنے کا خواب دیکھا ہے اور اس خواب کی تعبیرحاصل کرنے کے لیے میں آئی اے ایس افسر بننا چاہتا ہوں۔

<div class="paragraphs"><p>عوث شیخ، معذوری بھی جب پناہ مانگنے لگے /ویڈیو گریب</p></div>

عوث شیخ، معذوری بھی جب پناہ مانگنے لگے /ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

کہا جاتا ہے کہ حوصلہ سخت چٹانوں کو بھی پانی کر دیتا ہے۔ عزم اور حوصلے کی بلندی کا ایسا ہی ایک مظاہرہ مہاراشٹر کے لاتور میں نظر آیا ہے جہاں دونوں ہاتھوں سے محروم غوث شیخ نامی ایک طالب علم نے اپنے پیروں سے بورڈ کا امتحان لکھ کر سائنس اسٹریم میں 78 فیصد نمبر حاصل کیا ہے۔ غوث شیخ نے مارچ میں منعقد ہونے والے ہائر سیکنڈری سرٹیفکیٹ کے امتحان کے دوران پیپر لکھنے والے کی مدد لینے سے انکار کردیا اور اپنے پیروں کی انگلیوں سے امتحان کے پرچے لکھا۔ غوث کے اس حوصلے اور جذبے کی خبر جسے بھی مل رہی ہے وہ اسے سلام کیے بغیر نہیں رہ پا رہا ہے۔

لاتور ضلع سے تعلق رکھنے والے ہاتھوں سے معذور طالب علم غوث شیخ نے کبھی ہمت نہ ہارنے کی کہاوت سچ کر دکھایا۔ بغیر ہاتھوں کے پیدا ہونے والے غوث شیخ نے مہاراشٹر بورڈ کے 12ویں امتحان کے پرچے اپنے پیروں کی انگلیوں سے لکھے اور 12ویں سائنس اسٹریم کا امتحان 78 فیصد نمبروں سے پاس کیا۔ ہونہار غوث شیخ نے جسمانی رکاوٹوں کو عبور کر کے ایک مثال قائم کی ہے۔ امتحان کے نتائج کا اعلان اس ہفتے کے شروع میں ہوا ہے۔


مہاراشٹر کے لاتور ضلع کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پلے بڑھے 17 سالہ غوث شیخ نے اپنی اسکولی تعلیم وسنت نگر ٹانڈہ کے رینوکادیوی ہائر سیکنڈری آشرم اسکول سے مکمل کی۔ اسی اسکول میں اس کے والد چپراسی کے طور پر کام کرتے ہیں۔ غوث کے والد امجد شیخ نے اپنے بیٹے کی کامیابی پر خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ غوث نے چار سال کی عمر میں نمبر اور حروف لکھنا شروع کر دیا تھا۔ اس کے پرائمری اساتذہ نے اسے انگلیوں سے لکھنے کی مشق کروائی۔ انگلیوں سے لکھنے کے عمل کے دوران غوث نے کلاس کے دیگر طلباء کی طرح امتحان میں شرکت کی جس میں اس نے 12ویں سائنس اسٹریم میں 78 فیصد نمبر حاصل کیے ہیں۔

ہاتھوں سے محروم، پیروں سے لکھنے والا غوث اپنے حوصلے و عزم کی بنیاد پر مزید آگے بڑھنا چاہتا ہے۔ غوث کی معذوری پر اس کے جذبے اور حوصلے حاوی ہیں، جس سے ایسا لگتا ہے کہ وہ بہت جلد اپنے خواب کی تعبیر حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ غوث شیخ کا خواب یو پی ایس سی سول سروسز کا امتحان پاس کرکے آئی اے ایس بننا چاہتا ہے۔ پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے غوث نے کہا کہ بچپن سے ہی میں نے اپنے ملک کی خدمت کرنے کا خواب دیکھا ہے اور اس خواب کی تعبیرحاصل کرنے کے لیے میں آئی اے ایس افسر بننا چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ مہاراشٹر بورڈ نے 21 مئی کو 12ویں بورڈ کے امتحان کے نتائج کا اعلان کیا تھا۔ اس سال کل 725,077 طلباء میں سے 709,314 طلباء 12ویں سائنس اسٹریم میں پاس ہوئے جن کی مجموعی کامیابی کا تناسب 97.82  فیصد رہا۔ سائنس اسٹریم میں لڑکوں کا پاس فیصد 97.43 فیصد اور لڑکیوں کا پاس فیصد 98.27 رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔