مہنگائی پر ہلہ بول ریلی: ریلی کا مقصد مہنگائی اور معاشی عدم مساوات کے خلاف جنگ، جے رام رمیش
جے رام رمیش نے کہا ’’ہم مہنگائی کے خلاف ایک سال سے احتجاج کر رہے ہیں، جوکہ عوام کا سب سے اہم مسئلہ ہے۔ کھانے پینے کی اشیا پر جی ایس ٹی نے مہنگائی میں اضافہ کر دیا ہے اور بے روزگاری بھی بڑھ رہی ہے‘‘
نئی دہلی: مہنگائی کے خلاف دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد ہونے جا رہی کانگریس کی ’ہلہ بول ریلی‘ سے عین قبل کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ ریلی مہنگائی اور معاشی عدم مساوات کے خلاف منعقد کی جا رہی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے رام رمیش نے کہا کہ یہ ریلی 2024 کے انتخابات کے حوالہ سے نہیں بلکہ ان لوگوں کے لیے منعقد کی جا رہی ہے ہے جو مہنگائی سے نبرد آزما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو کانگریس نے اس معاملے کو لے کر مظاہرہ کیا تھا، جس میں پارٹی کے 70 ارکان پارلیمنٹ کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم تقریباً ایک سال سے مہنگائی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ آج بھی مہنگائی پر بڑا جلسہ ہے۔ عوام کی سب سے بڑی پریشانی مہنگائی ہے۔ کھانے پینے کی اشیاء پر جس طرح جی ایس ٹی لگایا گیا ہے اس سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ مہنگائی کے ساتھ بے روزگاری بھی بڑھ رہی ہے۔
خیال رہے کہ کانگریس قومی راجدھانی کے رام لیلا میدان میں مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف 'مہنگائی پر ہلہ بول' ریلی کا انعقاد کر رہی ہے۔ اس ریلی میں شرکت کے لیے ملک بھر سے کارکنان اور لوگ جمع ہوئے ہیں۔
دریں اثنا، آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا، "ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ہم وہ پارٹی ہیں جو پورے ملک میں سب سے زیادہ تکلیف دہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے مسئلہ کے خلاف لڑ رہی ہے۔ 2021 سے ہم مسلسل اس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔