کورونا: گولڈن ٹیمپل کے سابق ’حضوری راگی‘ گیانی نرمل سنگھ کا انتقال

گیانی نرمل سنگھ کا جمعرات کی صبح علاج کے دوران انتقال ہو گیا۔ انھوں نے کچھ دن پہلے ہی بیرون ملک کا دورہ کیا تھا اور واپسی کے بعد کئی جگہوں پر کیرتن بھی کیے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ملک بھر میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے۔ گزشتہ 12 گھنٹے میں ملک میں کورونا انفیکشن کے 131 معاملے سامنے آئے ہیں۔ ملک میں اب تک کورونا مریضوں کی تعداد 2000 کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے 151 لوگ ٹھیک ہو چکے ہیں، یعنی ایکٹیو کیس تقریباً 1800 ہیں۔ ہندوستان میں اب تک 50 سے زائد لوگوں کی اس انفیکشن نے جان لے لی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق آج علی الصبح پدم شری سے سرفراز گولڈن ٹیمل کے سابق 'حضوری راگی' گیانی نرمل سنگھ کا بھی اس وائرس کی زد میں آنے سے انتقال ہو گیا۔ گزشتہ کچھ دنوں سے ان کی طبیعت خراب تھی اور بدھ کے روز ان کا کورونا ٹیسٹ ریزلٹ پازیٹو آیا تھا۔ اس کے بعد سے ہی وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔


ایک میڈیکل افسر کا کہنا ہے کہ 'گُر بانی' کے سبھی راگوں کا علم رکھنے والے 62 سالہ سابق 'حضوری راگی' حال ہی میں بیرون ملک سے لوٹے تھے اور بدھ کو وہ کورونا وائرس انفیکشن کی زد میں پائے گئے۔ سرکاری میڈیکل کالج کی پرنسپل ڈاکٹر سجاتا شرما نے بتایا کہ "ان کی حالت بدھ کی شام کو بگڑنی شروع ہو گئی تھی اور انھیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ جمعرات کو صبح تقریباً ساڑھے چار بجے ان کا انتقال ہو گیا۔" سجاتا شرما نے مزید بتایا کہ "انھیں 30 مارچ کو سانس لینے میں دقت اور چکر آنے کی شکایت کے بعد یہاں گرو نانک دیو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔"

کورونا وائرس کی علامت نظر آنے کے بعد مقامی پولس نے انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نرمل سنگھ کی رہائش کے قریب والے علاقوں کو سیل کر دیا۔ افسروں کا کہنا ہے کہ ان کی دو بیٹیوں، بیٹے، بیوی، ڈرائیور اور ان کے ساتھ چنڈی گڑھ گئے کچھ دیگر لوگوں کے نمونے بھی جانچ کے لیے بھیجے جائیں گے۔


واضح رہے کہ نرمل سنگھ نے کچھ دن پہلے ہی بیرون ملک کا دورہ کیا تھا اور اس کے بعد دہلی و کچھ دیگر علاقوں میں مختلف تقاریب و مذہبی اجلاس میں شرکت کی تھی۔ نرمل سنگھ نے اپنی فیملی کے اراکین و دیگر رشتہ داروں کے ساتھ 19 مارچ کو چنڈی گڑھ کے ایک گھر میں بھی کیرتن کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔