حیدرآباد میں تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کا چھٹواں تربیتی اجتماع

عازمین حج سفر حج میں ہر آزمائش کے لئے تیار رہیں اور ہر حال میں اللہ کا شکر بجا لائیں، علما کا خطاب

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام منتخب عازمین حج کا چھٹواں تربیتی اجتماع شاہی مسجد باغ عام، نامپلی حیدرآباد میں منعقد ہوا جس کا آغاز مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری، ناظم اعلی رحمت العلوم، گولکنڈہ کی قرات کلام پاک سے ہوا۔

عرفان شریف اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے نعت شریف پیش کی اور عازمین حج کا استقبال کیا۔ مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری نے مناسک حج و عمرہ سے متعلق بیان کیا انہوں نے کہا کہ حج اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک اہم رکن ہے اور حج ہر صاحب استطاعت اور صحت مند مسلمان پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج سفر حج میں ہر قسم کی آزمائش کے لئے تیار رہیں اور ہر حال میں اللہ کا شکر بجا لائیں اس کے لئے انہوں نے حضرت ابراھیم کی مثال پیش کی اور کہا کہ اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔


انہوں نے عازمین حج کو لڑائی جھگڑوں اور فضول کاموں سے اجتناب کرنے پر بھی زور دیا اور اپنا قیمتی وقت کثرت سے عبادت میں صرف کرنے کا مشورہ دیا کیونکہ حرم شریف میں ہر نیکی ایک لاکھ نیکی کے برابر ہے۔ انہوں نے ز م زم کی فضیلت بھی بیان کی اور کہا کہ عازم زم زم پیتے وقت جو نیت کرے گا اللہ اسے قبول فرمائے گا۔ زم زم کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ آخر میں انہوں نے عازمین حج سے گذارش کی کہ وہ عالم اسلام اور خصوصاً فلسطین اور شام کے مسلمانوں کے لئے اللہ کی بارگاہ میں دعا کریں۔

ڈاکٹر حافظ بن محمد الحمومی امام و خطیب شاہی مسجد، نامپلی نے فضائل حج پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حج عاجزی واخلاص اور صبر کے ساتھ ادا کرنا ہر عازم کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے تصویر کشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حج و عمرہ کے دوران اور مدینہ منورہ میں سیلفی اور ویڈیو گرافی سے اجتناب کریں کیونکہ کہ خالص عبادت قرب الہی کا ذریعہ ہے جس میں فضول کاموں سے عازمین حج کواحتیاط برتنا چاہیے۔ تمام عازمین حج کو منا سک حج پر مہارت حاصل کرنا چائیے تاکہ حج کے دوران مناسک حج ادا کرنے میں آسانی ہو اور حرمین شرفین میں زیادہ سے زیادہ نمازیں ادا کریں اور طواف کریں۔


مولانا عبدالرشید طلحہ نے آداب و زیارت روضہ نبوی ﷺ کے اہم امور بیان کیے اور کہا کہ مدینہ کی زمین دیگر زمینوں سے افضل و خاص ہے اس لئے وہاں کسی کو بھی تکلیف دینا حرام ہے۔ عازمین حج انکساری و نرمی اپنی طبیعت میں شامل رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ روضہ اقدس ﷺ پر بلند آوازوں سے احتیاط کریں۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان نے روانہ کردہ ایک پیام میں عازمین حج کوماہ رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ رمضان المبارک کا پہلہ عشرہ رحمت کا ہے اور اس عشرہ میں اللہ رب العزت کی رحمت و شفقت جوش میں ہوتی ہے۔ اس عشرہ میں اللہ سے اس کی رحمت وبرکت کی دعاء مانگیں اور اپنی دعاؤں میں تمام مسلمانوں اور تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے عہدداروں کو شامل رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ جتنا ہوسکے چہل قدمی کا اہتمام کریں تاکہ مناسک آسانی کے ساتھ ادا کرسکے۔ ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد عبدالوحید آئی ایف ایس نے اپنے خطاب میں عازمین حج کوان کے حج کے انتخاب پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے حج کی تیاریوں پر روشنی ڈالی اور حج کے سفر کے متعلق اہم نکات بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کا حج کے لئے انتخاب اللہ رب العزت کا انعام ہے اور عازمین کو چاہیے کہ وہ اس سفر حج کی تیاری پر خاص توجہہ دیں۔ عازمین حج کو چاہیے کہ وہ اس متبرک سفر کا خاص خیال رکھیں اور صبر وتحمل کا دامن تھام کر رکھیں۔ اس موقع کو غنیمت جانیں اورحرم شریف میں و مدینہ منورہ میں کسی بھی قسم کی بے حرمتی سے اجتناب کریں۔


انہوں نے مزید کہا کہ عازمین حج کو ان کے حج کے سفر کی سہولت کے لئے یہ تربیتی اجتماعات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی پرنس محمد بن سلمان کے ذریعہ فراہم کی گئی اضافی 821 نشستوں کے لئے ویٹنگ لسٹ میں 1170عازمین حج کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جناب عرفان شریف اسسٹنٹ ایکزیکٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی نے انتظامات کی نگرانی کی۔ اس تربیتی اجتماع میں مرد اور خواتیں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔