حج سبسڈی کا خاتمہ ہوا، لیکن عازمین حج پر غیر ضروری اقتصادی بوجھ نہیں پڑا: نقوی

ہندوستان کی آزادی کے 75 سالہ ’امرت مہوتسو‘ جشن کے پروگرام کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے مختار عباس نقوی نے کہا کہ سفرِ حج، ہند-سعودی کے مابین دوطرفہ مضبوط تعلقات کا اہم حصہ ہے۔

مختار عباس نقوی، تصویر یو این آئی
مختار عباس نقوی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ ہندوستان میں صد فیصد ڈیجیٹل، آن لائن حج انتظامات کی بناء پر حج سبسڈی کے خاتمے کے باوجود ہندوستان کے عازمین حج پر غیر ضروری اقتصادی بوجھ نہیں پڑا ہے۔ آج قونصلیٹ جنرل آف انڈیا، جدہ (سعودی عرب) کے زیر اہتمام منعقدہ 75 سالہ ہند-سعودی عرب کے سفارتی تعلقات اور ہندوستان کی آزادی کے 75 سالہ ’امرت مہوتسو‘ جشن کے پروگرام کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے مختار عباس نقوی نے کہا کہ سفرِ حج، ہند- سعو دی عرب کے مابین دوطرفہ مضبوط تعلقات کا اہم حصہ ہے۔

مختار عباس نقوی نے کہا کہ ہندوستان سفر حج کے مکمل عمل کو صد فیصدڈیجیٹل اور آن لائن کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ ڈیجیٹل، آن لائن حج سسٹم کی وجہ سے حج سبسڈی ختم ہونے کے باوجود عازمین حج پر کوئی مالی بوجھ نہیں پڑا ہے اور2019 میں ہندوستان سے ریکارڈ دو (2) لاکھ مسلمان حج سبسڈی کے بغیر سفر حج پر گئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل، آن لائن سسٹم کی وجہ سے حج کا پورا عمل شفاف اور آسان ہوا ہے۔ آن لائن درخواست، ای-ویزا، حج موبائل ایپ، حاجیوں کے سامان کی ڈیجیٹل پری ٹیگنگ، ای۔ مسیحا صحت کی سہولت، حج گروپ کے منتظمین کے لئے پورٹل وغیرہ کے انتظام کے ذریعہ ہندوستانی عازمین حج کو بہتر سہولیات ملی ہیں۔


وزیر موصوف نے کہا کہ 2018 سے ہندوستان کی مسلم خواتین کو ’محرم‘ (مرد رشتہ دار) کے بغیر حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے جس کو ہندوستان اور دیگر ممالک میں زبردست سراہا گیاہے۔ 2018 سے ابھی تک تقریباً 3500 خواتین نے ’محرم‘ کے بغیر سفر حج ادا کیا ہے۔ ان خواتین کو لاٹری سسٹم سے باہر رکھا جاتا ہے۔ ان خواتین حاجیوں کی مدد کے لئے بھارت سے خواتین افسران اور معاونین بھیجے جاتے ہیں۔ نقوی نے اس موقع پر ہندوستان کے حجاج کرام کو بہتر سہولیات فراہم کرانے کے لئے، خادم حرمین شریفین ہز میجیسٹی کنگ سلمان بن عبد العزیز السعود اور سعودی عرب کے کراؤ ن پرنس ہز رائل ہائی نس محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔

مختار عباس نقوی نے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب، عالمی امن، ترقی اور خوشحالی کے نظریات میں برابر کے شریک ہیں۔ دونوں ممالک مضبوط تاریخی، ثقافتی، معاشی اور سفارتی تعلقات سے وابستہ ہیں۔ سیاسی رہنماؤں اور اعلیٰ افسران کے طے شدہ باضابطہ دو طرفہ دوروں سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے۔ اکتوبر 2019 میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے سعودی عرب کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی توانائی اور نئی بلندیاں عطا ہوئی ہیں۔ انھوں نے ہندوستان کی حج کی ایجنسیو ں کو مکمل تعاون دینے پر ، سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ اور دیگر ایجنسیوں شکریہ ادا کیا۔


اس موقع پر سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید، چیئر مین جنوب ایشیا مؤسسہ، ہز ایکسیلینسی رفعت اسمٰعیل بدر، حج کمیٹی آف انڈیا کے سی۔ای۔او۔ ڈاکٹر ایم اے خان، ابراہیم سیف الدین (بوہرہ رباط)، اور بھارت اور سعودی عرب کے دیگر اعلیٰ افیسران ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شامل ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔