ہندوستانی عازمین حج کے کوٹہ میں اضافہ، 1.75 لاکھ سے ہوا 2 لاکھ
سعودی عرب نے ہندوستان سے سفر حج پر جانے والے زائرین کی تعداد 1.75 لاکھ سے بڑھا کر دو لاکھ کرنے کی تجویز کو منظورکر لیا ہے۔
نئی دہلی: سعودی عرب نے ہندوستان سے سفر حج پر جانے والے زائرین کی تعداد 1.75 لاکھ سے بڑھا کر دو لاکھ کرنے کی تجویز کو منظورکر لیا ہے۔ سرکاری اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز یہاں سعودی عرب کے شہزادے محمد بن سلمان نے ہندوستان کے دورے کے موقع پر عازمین حج کا کوٹہ بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے ہندوستان میں مسلم فرقے کے عوام کی بڑی تعداد کے پیش نظر سعودی عرب کے شہزادے سے عازمین حج کا کوٹہ بڑھانے کی گذارش کی تھی۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور سعودی شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات کے دوران عازمین حج کا کوٹہ بڑھانے پر اتفاق ہوا، اس ملاقات کے دوران مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی اور مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج بھی وزیر اعظم نریندر مودی کے ہمراہ موجود تھے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان سے سفر حج پر جانے والوں کے کوٹہ میں بھی اضافہ کیا ہے۔
سکریٹری برائے خارجہ امور (اقتصادی تعلقات) ٹی ایس تریمورتی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سعودی عرب نے عازمین حج کا کوٹہ بڑھا کر دو لاکھ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سال 2018 میں ہندوستانی عازمین حج کا کوٹہ ایک لاکےھ 75 ہزار کا ہے۔ اس طرح کی خبریں آ رہی تھیں کہ 2019 کے لئے ہندوستان کا کوٹہ ایک لاکھ 80 ہزار کیا جائے گا لیکن سعودی شہزادے کی طرف سے یہ کوٹہ دو لاکھ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔+
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔