گوہاٹی ہائی کورٹ نے ڈبلیو ایف آئی انتخابات پر لگائی روک

عدالت نے تینوں جواب دہندگان بشمول ڈبلیو ایف آئی، ایڈہاک کمیٹی اور وزارت کھیل کو ہدایت دی کہ وہ اگلی سماعت کی تاریخ طے ہونے تک ڈبلیو ایف آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخاب کو آگے نہ بڑھائیں۔

<div class="paragraphs"><p>گوہاٹی ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

گوہاٹی ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

گوہاٹی: گوہاٹی ہائی کورٹ نے آسام ریسلنگ ایسوسی ایشن کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے اتوار کو ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے 11 جولائی کو ہونے والے انتخابات پر روک لگا دی۔ آسام ریسلنگ ایسوسی ایشن کی طرف سے ڈبلیو ایف آئی، آئی او اے کی ایڈہاک کمیٹی اور مرکزی وزارت کھیل کے خلاف دائر کی گئی درخواست کے مطابق 15 نومبر 2014 کو اس وقت کی ایگزیکٹو کمیٹی کی سفارش کے باوجود اسے ڈبلیو ایف آئی کی تسلیم شدہ رکنیت سے انکار کر دیا گیا تھا۔

ایڈہاک پینل نے الیکٹورل کالج کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 25 جون مقرر کی ہے، جب کہ ڈبلیو ایف آئی کی نئی گورننگ باڈی کے انتخاب کے لیے انتخابات 11 جولائی کو ہوں گے۔ درخواست گزار نے استدلال کیا کہ انتخابی عمل کو اس وقت تک روک دیا جانا چاہیے جب تک کہ ان کا ادارہ ڈبلیو ایف آئی سے الحاق شدہ نہیں ہو جاتا اور وہ الیکٹورل کالج میں اپنا نمائندہ نامزد کر سکتے ہیں۔


عدالت نے تینوں جواب دہندگان بشمول ڈبلیو ایف آئی، ایڈہاک کمیٹی اور وزارت کھیل کو ہدایت دی کہ وہ اگلی سماعت کی تاریخ طے ہونے تک ڈبلیو ایف آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخاب کو آگے نہ بڑھائیں۔ عدالت نے سماعت کی اگلی تاریخ 17 جولائی مقرر کی ہے۔

واضح رہے کہ فیڈریشن کے انتخابات خواتین پہلوانوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں برج بھوشن شرن سنگھ اور ڈبلیو ایف آئی کے سبکدوش ہونے والے صدر کو ہٹائے جانے کے بعد کرائے جا رہے ہیں۔ مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے پہلے کہا تھا کہ ڈبلیو ایف آئی کے انتخابات 30 جون تک کرائے جائیں گے۔ ان انتخابات میں صدر کے عہدے کے علاوہ ایک سینئر نائب صدر، چار نائب صدور، ایک جنرل سکریٹری، ایک خزانچی، دو جوائنٹ سکریٹریز اور پانچ ایگزیکٹو ممبران کا بھی انتخاب کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔