گروگرام میں شارٹ سرکٹ کے باعث مکان میں لگی ہولناک آگ، 4 افراد کی موت

یہ حادثہ سرسوتی انکلیو کے جی بلاک میں جمعہ کو دیر رات پیش آیا۔ حادثے کے وقت چاروں لوگ گہری نیند میں سو رہے تھے۔ مہلوکین کا تعلق بہار کے موتیہاری ضلع سے ہے

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، آئی اے این ایس</p></div>

علامتی تصویر، آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

 گروگرام میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ایک مکان میں شدید آگ لگ گئی۔ اس حادثہ میں 4 لوگوں کی زندہ جل جانے سے دردناک موت ہو گئی۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور گھنٹوں کی سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ اس کے بعد چاروں لاشوں کو باہر نکالنے کے بعد اسے پوسٹ مارٹم کے لیے مورچری میں رکھوا دیا گیا۔

یہ واقعہ سرسوتی انکلیو کے جی بلاک میں جمعہ کو دیر رات قریب 1 بجے پیش آیا۔ حادثہ کے وقت چاروں لوگ گہری نیند میں سو رہے تھے۔ آگ اتنی شدید تھی کہ چاروں میں سے کوئی بھی گھر سے باہر نہیں آ سکا۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ میں جان گنوانے والے لوگوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ مرنے والوں میں ایک نابالغ بھی شامل ہے۔ وہیں ایک شخص شادی شدہ تھا جس کی بیوی اور بچے دیوالی منانے کے لیے گھر چلے گئے تھے۔ مرنے والوں کی پہچان 28 سالہ محمد مشتاق، 27 سالہ نور عالم، 22 سالہ ساحل اور 17 سالہ امن کے طور پر ہوئی ہے۔ چاروں لوگ آپس میں دوست بتائے جاتے ہیں۔ ان لوگوں کا تعلق بہار کے موتیہاری ضلع کے لوکھانا سے تھا۔


پوچھ تاچھ میں پتہ چلا ہے کہ محمد مشتاق اور نور عالم گروگرام کی ایک گارمینٹ فیکٹری میں بطور درزی کام کرتے تھے جبکہ ساحل 15 دن پہلے ہی دوستوں کے پاس بہار سے گروگرام میں گھومنے کے لیے آیا تھا، وہیں امن 10ویں کلاس میں پڑھائی کرتا تھا۔

محکمہ فائر بریگیڈ اور پولیس کی ابتدائی جانچ میں آگ شارٹ سرکٹ سے لگنے کا پتہ چلا ہے۔ پولیس اس معاملے کی مزید جانچ کر رہی ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مہلوکین کا غمزدہ اہل خانہ گرو گرام پہنچ گیا ہے۔ دوپہر بعد مردہ کا پوسٹ مارٹم ہوگا۔ اس حادثہ کے بعد سرسوتی انکلیو میں ماتم کا ماحول ہے اور ہر کوئی اس حادثے کو لے کر گہرے افسوس کا اظہار کر رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔