گرمیت رام رحیم کو سپریم کورٹ سے جھٹکا، بے ادبی کے الزامات پر مقدمہ چلانے کا حکم

ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم کو آج سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ سپریم کورٹ نے گرو گرنتھ صاحب کی بے ادبی کے معاملے میں پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کی جانب سے عائد روک کو ختم کر دیا ہے

گرمیت رام رحیم، تصویر آئی اے این ایس
گرمیت رام رحیم، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم کو آج سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ سپریم کورٹ نے گرو گرنتھ صاحب کی بے ادبی کے معاملے میں پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کی جانب سے عائد روک کو ختم کر دیا ہے۔ اس مقدمے میں گرمیت رام رحیم پر الزامات ہیں کہ وہ مذہبی متن کی بے ادبی میں ملوث ہیں۔

پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے مارچ 2024 میں رام رحیم کے خلاف جاری تحقیقات پر روک لگا دی تھی، جسے پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ آج کی سماعت کے دوران، سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو منسوخ کر دیا اور رام رحیم کو نوٹس جاری کر دیا۔ انہیں چار ہفتے کے اندر جواب دینا ہوگا۔ اب اس فیصلے کے بعد، نچلی عدالت میں رام رحیم کے خلاف مقدمہ شروع کیا جا سکے گا۔


یہ معاملہ 2015 کا ہے، جب پنجاب پولیس نے مذہبی متن کی بے ادبی کے کیس میں اپنی حتمی تحقیقات کی رپورٹ پیش کی تھی۔ رپورٹ میں ڈیرہ سچا سودا کو ان واقعات کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔ 2015 میں فریدکوٹ میں گرو گرنتھ صاحب کی ایک 'بیر' (نقل) چوری ہونے کے بعد بے ادبی سے متعلق تحریری پوسٹرز اور گرو گرنتھ کے پھٹے ہوئے صفحات بھی ملے تھے۔ ان واقعات کی وجہ سے فریدکوٹ میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے تھے۔

اکتوبر 2015 میں، مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ ہوئی جس میں بہہ بل کلان میں دو افراد کی جان گئی تھی، جبکہ فریدکوٹ کے کوٹ کپورا میں کئی لوگ زخمی ہوئے تھے۔ اس دوران، ڈیرہ کے سربراہ گرمیت رام رحیم کو بے ادبی کی 3 مختلف واقعات میں نامزد کیا گیا تھا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان تین واقعات کا ’ڈیرہ سچا سودہ سے براہ راست تعلق ہے‘ اور ان میں شامل ملزمان اسی ڈیرے کے پیروکار ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔