یو پی میں غنڈہ راج: بیٹی کے استحصال کی مخالفت کرنے والے والد کا پیٹ پیٹ کر قتل

مراد آباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جس میں اپنی نابالغ بیٹی کے استحصال کی مخالفت کرنے پر 45 سالہ والد کو مبینہ طور پر ملزم نوجوان، اس کے دوستوں اور اہل خانہ نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔

قتل، علامتی تصویر
قتل، علامتی تصویر
user

تنویر

مراد آباد میں ایک دردناک واقعہ سامنے آیا ہے جس میں اپنی نابالغ بیٹی کو استحصال سے بچانے کے لیے مخالفت کی آواز اٹھانا اور غنڈہ صفت نوجوان کو سمجھانا 45 سالہ والد کے لیے موت کی وجہ بن گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ والد کو مبینہ طور پر نوجوان، اس کے دوستوں اور اہل خانہ نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ یہ واقعہ منگل کی شام کو مہیش پورہ گاؤں کا ہے۔ مہلوک ہری اوم ملزم نوجوان رنویر کی فیملی سے یہ شکایت کرنے گئے تھے کہ وہ ان کی 14 سالہ بیٹی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتا ہے۔

شکایت کرنے پر 24 سالہ رنویر نے اپنے دوستوں وکاس (23 سال)، شرما یادو (24 سال) اور امر سنگھ (26 سال) کے ساتھ ساتھ خاندان کے دیگر اراکین کے ساتھ مل کر ہری اوم کو اینٹوں اور ڈنڈوں سے بے رحمی سے پیٹا۔ پٹائی کی وجہ سے بری طرح زخمی والد نے بدھ کے روز اسپتال میں دَم توڑ دیا۔


میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق سات ملزمین کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور رنویر کے ساتھ ساتھ اس کے دوستوں وکاس، شرما یادو اور امر سنگھ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ مراد آباد، پربھاکر چودھری نے کہا کہ "یہ پتہ چلا ہے کہ دونوں فیملی آپس میں رشتہ دار ہیں اور ان کے درمیان کچھ تنازعہ چل رہا تھا۔"

ایس پی سٹی امت کمار آنند نے کہا کہ "ہری اوم کی موت کے بعد ان کے گھر والوں اور کچھ مقامی لوگوں نے پولس اسٹیشن کے باہر دھرنا دیا۔ مقامی پولس کی جانب سے لاپروائی سامنے آئی ہے کیونکہ پولس کارروائی میں تاخیر ہوئی تھی۔ جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔