’گاندھی جی نے خودکشی کیسے کی؟‘ گجرات کے اسکول میں پوچھا گیا سوال، بچے حیران
گجرات کے اسکولوں میں نویں درجے کے امتحان میں بچوں سے کچھ ایسے سوال پوچھے گئے جنھیں پڑھ کر بچے کشمکش میں پڑ گئے۔ ان سے پوچھا گیا کہ گاندھی جی نے خودکشی کیسے کی تھی؟ حالانکہ مہاتما گاندھی کا قتل ہوا تھا
پورا ملک اس سال گاندھی جی کی 150ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ متعدد قسم کے پروگرام، مہم اور منصوبے چلائے جا رہے ہیں۔ ایسے میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی آبائی ریاست گجرات میں اسکولی بچوں سے ایسا سوال پوچھا گیا جس سے بچے بھی کشمکش میں پڑ گئے۔
ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق گجرات کے کچھ اسکولوں میں نویں درجہ کے داخلی امتحان میں یہ سوال پوچھا گیا کہ ’’گاندھی جی نے خودکشی کیسے کی تھی؟‘‘ اس سوال کو دیکھ کر بچے حیران رہ گئے۔ خبر رساں ایجنسی نے گاندھی نگر کے ضلع ایجوکیشن افسر بھارت ودھیر کے حوالے سے اس سلسلے میں بتایا ہے کہ کچھ پرائیویٹ اسکولوں کے ایک گروپ اور گرانٹ حاصل کرنے والے اسکولوں نے ہفتہ کے روز اپنے یہاں داخلی امتحان میں دو قابل اعتراض سوال بچوں سے کیے تھے۔ پہلا سوال گاندھی جی کے تعلق سے تھا جب کہ دوسرا سوال شراب کے تعلق سے تھا جو کہ کافی حیران کرنے والا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ شراب سے متعلق دوسرا سوال بارہویں درجہ کے طلبا سے پوچھا گیا تھا۔ سوال یہ تھا کہ ’’اپنے علاقے میں شراب کی فروخت بڑھنے اور شراب اسمگلروں کے ذریعہ پیدا کی جانے والی پریشانیوں کے بارے میں شکایت کرتے ہوئے ضلع پولس سربراہ کو ایک خط لکھیں۔‘‘ غور طلب ہے کہ گجرات میں شراب پر پوری طرح سے پابندی ہے۔ اس کے باوجود اس طرح کا سوال بچوں سے پوچھا جانا حیران کرتا ہے۔
محکمہ تعلیم کے ایک افسر نے بتایا کہ یہ دونوں سوال قابل اعتراض ہیں اور اس معاملے کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ ان اسکولوں کے مینجمنٹ کے ذریعہ سوال نامے تیار کیے گئے تھے جو کہ ’سفلام شالہ وِکاس شانکل‘ کے بینر تلے چلائے گئے تھے، اور ریاستی محکمہ تعلیم کا اس میں کوئی کردار نہیں تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 14 Oct 2019, 3:10 PM