وزیر اعظم مودی کی سالگرہ: سونیا گاندھی سمیت اہم شخصیات نے دی مبارک باد

اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اپنے آبائی صوبہ گجرات کے دورے پر پہنچے اور گاندھی نگر میں اپنی عمر رسیدہ والدہ سے آشیرواد لے کر ان کے ساتھ وقت گزارا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر وینکیا نائیڈو اور کانگریس صدر سونیا گاندھی سمیت ملک کی اہم شخصیات نے وزیر اعظم نریندر مودی کو منگل کو ان کی 69 ویں یوم پیدائش کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اپنے آبائی صوبہ گجرات کے دورے پر پہنچے اور گاندھی نگر میں اپنی عمر رسیدہ والدہ ہیرا بین مودی سے آشیرواد لے کر ان کے ساتھ وقت گزارا۔

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے وزیر اعظم مودی کو سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی جی کو یوم پیدائش کی مبارک باد اور نیک خواہشات۔ خدا آپ کو صحت مند اور خوش خرم بنائے رکھے اور آپ آنے والے متعدد سالوں تک ملک کی خدمت کرتے رہیں۔‘‘

کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کی سالگرہ کے موقع پر مبارک باد دی جس پر پی ایم مودی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا ’’نریندر مودی کو ان کی 69 ویں سالگرہ پر مبارک باد دی ۔ وہ ہمیشہ صحت مند اور خوش رہیں ‘‘۔ اس کے جواب میں مودی نے ایک ٹویٹ کیا ’’مبارک باد کے لئے شکریہ، راہل گاندھی جی‘‘۔


وزیر اعظم مودی کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے نائب صدر وینکیا نائیڈو نے ٹوئٹ کر کے کہا ’’ہندوستان نے آپ کی قیادت میں آپ کی حکومت کی جانب سے کی گئی تبدیلی کی بدولت عالمی سطح پر نیا مقام حاصل کیا ہے۔ آپ کو سالگرہ کی مبارک باد۔ آپ صحت مند رہیں‘‘۔


کانگریس صدر سونیا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی 69ویں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی لمبی عمر کی دعا کی۔ سونیا گاندھی نے وزیراعظم کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا، ’’میں آپ کی اچھی صحت، خوشحالی اور لمبی عمر کی دعا کرتی ہوں۔‘‘


وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹوئٹ کر کہا، ’’مضبوط قوت ارادی، فیصلہ کن قیادت اور انتھک محنت کی علامت ملک کے مقبول لیڈر وزیر اعظم نریندر مودی جی کو سالگرہ کی مبارکباد۔ آپ کی قیادت میں ابھرتا ہوا نئے ہندوستان نے دنیا میں ایک مضبوط، محفوظ اور قابل اعتماد قوم کے طور پر اپنی شناخت بنائی ہے‘‘ْ


ادھر مودی اپنی سالگرہ کے موقع پر اپنی آبائی ریاست گجرات کے دورے پر ہیں جہاں وہ مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔ وزیر اعظم مودی اس موقع پر اپنی والدہ ہیرا با کا آشیرواد لینے اپنے چھوٹے بھائی پنکج مودی کے گھر بھی گئے۔


ممتا بنرجی نے پی ایم مودی کو سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے ٹوئٹ کہا، ’’وزیراعظم نریندرمودی جی کو سالگرہ کی مبارکباد۔‘‘

کیجریوال نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا، ’’معزز وزیراعظم نریندرمودی جی کو سالگرہ کی مبارکباد۔ ہم آپ کی لمبی عمر اور صحت مند زندگی کی دعا کرتے ہیں۔‘‘


مودی نے سالگرہ پر لیا ماں سے آشیر باد، ساتھ کھانا کھایا

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے 69 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ماں ہيرابا سے ملاقات کی اور ان کا آشیر واد لینے کے بعد ان کے ساتھ دوپہر کا کھانا بھی کھایا، جس میں گجرات کے مبارک مواقع پر بنایا جانے والا روایتی کھانا پورن پولی بھی ان کے لئے تیار کیا گیا۔ مودی دوپہر کو رائے سن میں اپنے سب سے چھوٹے بھائی پنکج مودی کے گھر پہنچے جہاں ان کی ماں بھی رہتی ہیں۔ انہوں نے ماں کے پاؤں چھوئے اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ انہوں نے ماں کی صحت کے متعلق بھی دریافت کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔