گجرات میں ہار کے باوجود نتائج ہمارے لئے بہتر: راہل

گجرات اسمبلی میں ہار کے بعد منگل کو کانگریس صدر راہل گاندھی نے میڈیا سے بات کی۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

میڈیا سے بات چیت کے دوران راہل گاندھی نے گجرات اور ہماچل پردیش کی عوام کا شکریہ ادا کیا اور گجرات کے نتائج کو کانگریس کے لئے بہتر قرار دیا۔ نتائج کو بی جے پی کے لئے ایک جھٹکا قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی کے گجرات ماڈل کو لوگ نہیں مانتے۔

راہل نے کہا ’’ ہم نے انتخابات کے دوران جو کیمپین چلایا اس کا وہ جواب نہیں دے پائے ۔ وہ وکاس کی بات کر رہے ہیں لیکن ان کے پاس کہنے کے لئے کچھ نہیں تھا۔‘‘

راہل گاندھی نے گجرات میں ہار کے باوجود نتائج کو اپنی پارٹی کے لئے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا ’’ ہمارے لئے اچھے نتیجے رہے۔ ہم جیت سکتے تھے لیکن کچھ کمی رہ گئی۔ ‘‘

راہل نے کہا کہ گجراتی عوام نے تین مہینے میں مجھے بہت محبت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہاں کی عوام نے مجھے یہ بھی سکھایا کہ کوئی بھی لڑائی ہو ، کتنا بھی غصہ ہو، کتنی بھی دولت ہو ، آپ پیار سے ٹکر دے سکتے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ گجرات کی عوام نے وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کو یہ پیغام دیا ہے کہ غصہ آپ کے کام نہیں آئے گا ۔ پیار اسے ضرورہرا دے گا۔ ‘‘

راہل نے کہا کہ ’’ مودی جی نے چناؤ کے نتیجوں کو جی ایس ٹی پر مہر بتایا جو ایک عجیب بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی تقریر وں میں نوٹ بندی-جی ایس ٹی کا ذکر بھی نہیں تھا۔ ‘‘ راہل گاندھی نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’’ مودی جی کی ساکھ پر سوال کھڑے ہو گئے ہیں اور ان کی خود اعتمادی خطرے میں ہے ۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ ان کی پارٹی رپیٹ کر رہی ہے پر ملک نہیں سن رہا ہے۔‘‘

دریں اثنا راہل گاندھی نے امت شاہ کے بیٹے اور رافیل کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا ’’مودی جی بغیر رکے بد عنوانی کی باتیں کرتے ہیں لیکن رافیل ڈیل اور جے شاہ کے معاملہ پر ان کے منہ سے الیکشن کے دوران ایک لفظ بھی نہیں نکلا۔ ‘‘

واضح رہے کہ گجرات میں کانگریس کو 182 میں سے 80 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں جبکہ بی جے پی کو 99 سیٹیں ہی ملی ہیں۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔